اتوار,  05 مئی 2024ء
گندھارا کوریڈوربل پر قومی اسمبلی میں بحث کل،بھارتی اور عالمی میڈیا کی توجہ مرکوز

 

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): قومی اسمبلی میں اقلیتی ایم این اے ڈاکٹر رمیش کمار وانکوانی کا متعارف کردہ گندھارا کوریڈوربل منگل کو پیش ہوگا جسے بعد ازاں قائمہ کمیٹی کے حوالے کرنے کی توقع ہے۔ پارلیمانی تاریخ کے اس اہم ترین بل نے بھارتی، سری لنکن اور عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کرلی ہے، موقر سری لنکن اخبارڈیلی مرر نے اپنی خصوصی رپورٹ میں تسلیم کیا کہ پاکستان بدھسٹ ثقافت کا اہم مرکز بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، تاہم اخبار نے ڈاکٹر رمیش وانکوانی کے پیش کردہ مجوزہ گندھارا کوریڈور کے حوالے سے لکھا کہ پاکستان کی برصغیر میں بدھ مت کی ثقافت کا مرکز بننے کے اقدام کو خیبرپختونخوا میں سخت مخالفت کا سامنا ہے اورماضی میں بھی صوبے کی جانب سے ایسی کوششوں کو ناکام بنایا جاتا رہا ہے،اخبار کے مطابق صوبے کی وفاق سے محاذآرائی کی ایک جھلک نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ پشاور کے موقع پر وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پورکی ایئرپورٹ پرغیرحاضری سے دیکھنے کو ملی۔

سری لنکن اخبار ڈیلی مرر کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان میں اسٹیک ہولڈرز کے درمیان اتفاق رائے حاصل کرنا ایک بڑا چیلنج ہے، پاکستان میں گندھارا کوریڈور منصوبے کو کامیاب بنانے کیلئے وفاقی اور صوبائی مفادات میں توازن رکھنا ضروری ہے۔

بھارتی اخبارنارتھ ایسٹ ہیرالڈ نے اپنی اشاعت میں گندھارا کوریڈوربل کی مخالفت میں خیبرپختونخوا کے بے بنیاد موقف کو دہرایا کہ پاکستان میں بدھ مت کی مذہبی سیاحت سے حاصل ہونے والے منافع کو مرکز کی طرف موڑا جائے گا، بھارتی میڈیا نے اپنی روائتی پاکستان دشمن رپورٹنگ میں گندھارا کوریڈور منصوبے پرخیبرپختوانخوا سے تعلق رکھنے والوں کے تنقیدی بیانات کی نشر و اشاعت کو بھی یقینی بنایا۔ بھارتی نیوز سروس آئی بی این ایس، انڈیا بلومز سمیت متعدد بھارتی اخبارات نے پراپیگنڈا کو ہوا دینے کیلئے سرخی لگائی کہ مجوزہ گندھارا کوریڈور بل نے اسلام آباد کو خیبرپختونخوا کے خلاف کھڑا کردیا ہے۔ دوسری طرف بھارتی میڈیا کے مطابق ہندوستان میں عالمی بدھ یاتریوں کیلئے بدھسٹ سرکٹ کے نام سے مذہبی سیاحتی منصوبہ فعال کردیا گیا ہے جس میں ایشیائی ترقیاتی بینک نے بھی بھاری سرمایہ کاری کرنے کیلئے آمادگی کا اظہار کردیا ہے۔

عالمی میڈیا رپورٹس میں مجوزہ بل کی تنقید کے جواب میں ڈاکٹر وانکوانی کے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے نام خط کا بطور خاص تذکرہ کیا جس میں انہوں سے وفاقی اور تمام صوبائی اسٹیک ہولڈرز سے گندھارا کو عالمی مذہبی سیاحت کیلئے ایک بین الاقوامی رول ماڈل بنانے کیلئے تعاون کی درخواست کی ہے۔ سفارتی تجزیہ نگاروں کے مطابق ڈاکٹر وانکوانی کا مفصل خط گندھارا کوریڈور کے خلاف تحفظات کا اظہار کرنے والوں کا منہ بند کرنے کیلئے کافی ہے، گندھارا کوریڈور منصوبے کی مخالفت کا فائدہ بھارت کے مذہبی سیاحتی منصوبے بدھسٹ سرکٹ کو پہنچ رہا ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News