اتوار,  05 مئی 2024ء
اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت کے خلاف پاکستانی قرارداد منظورانسانی حقوق کونسل نےمنظور کر لی

 

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت کے خلاف پاکستان کی قرارداد منظور کر لی گئی۔

پاکستان نے البانیہ کے علاوہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے تمام رکن ممالک کی جانب سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں ایک قرارداد جمع کرادی۔

پاکستان کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور ہوئی۔ 28 ممالک نے قرارداد کے حق میں ووٹ دیا، 13 نے حصہ نہیں لیا اور 6 نے مخالفت میں ووٹ دیا۔

قرارداد میں ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل کو اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر فوجی ساز و سامان کی فروخت اور منتقلی روک دیں۔

قرارداد میں کہا گیا کہ بین الاقوامی عدالت انصاف نے جنوری میں فیصلہ دیا تھا کہ غزہ میں “نسل کشی کا خطرہ” ہے اور بین الاقوامی انسانی قوانین اور حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے دیگر اقدامات کے علاوہ اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روکنے کی ضرورت ہے۔

قرارداد میں غزہ میں “فوری جنگ بندی” اور “ہنگامی انسانی بنیادوں پر رسائی اور امداد” کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News