اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1043.5 کلوگرام منشیات برآمد کرلی، جس کی مالیت 8 کروڑ 47 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
اے این ایف کے مطابق مختلف کارروائیوں کے دوران 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ منشیات کی اسمگلنگ اور ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے ماڑی پور کے علاقے میں ملائیشیا جانے والے دو کنٹینرز کی تلاشی کے دوران 33.5 کلوگرام آئس برآمد کی گئی۔
اسی طرح راولپنڈی کے قریب موٹروے ٹول پلازہ پر ایک مسافر کے بیگ سے 6 کلوگرام چرس برآمد کرکے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار
کراچی کے گلشن اقبال بس ٹرمینل کے قریب بھی کارروائی کے دوران ایک ملزم سے 4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔
اے این ایف نے ضلع پشین کے یارو کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 1000 کلوگرام چرس گردہ بھی برآمد کرلی۔
اے این ایف کے مطابق تمام کارروائیوں کے مقدمات انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔











