بدھ,  25 نومبر 2026ء
مجھ سے آرڈر کے ذریعے کوئی آئینی ترمیم نہیں کرائی جا سکتی: بلاول بھٹو زرداری

ملتان(روشن پاکستان نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر کوئی آرڈر کے ذریعے ریفرنڈم، آئینی ترمیم یا نئے صوبے بنانا چاہتا ہے تو وہ نہیں بنیں گے، اور مجھ سے آرڈر کے ذریعے کوئی آئینی ترمیم نہیں کرائی جا سکتی۔

ملتان میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ری سیٹ پاکستان صرف 1973 کے آئین کے تحت ہی ہو سکتا ہے اور اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ حالات میں انارکی پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، تاہم وہ ایسے کسی اقدام کے ساتھ کھڑے نہیں ہوں گے۔

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ آئین میں نئے صوبے بنانے کا باقاعدہ طریقہ کار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرائیکی صوبے کے قیام کے لیے کئی سالوں تک پارلیمانی جدوجہد کی گئی اور اس کی حمایت کے پیچھے ٹھوس آئینی منطق موجود ہے۔

آصف زرداری کا ایک ہی بیٹا بلاول بھٹو ہے، بلاول کا موازنہ محسن نقوی سے نہ کیا جائے: ناصرحسین شاہ

بلاول بھٹو زرداری کے مطابق سرائیکی صوبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی سے مشترکہ طور پر منظور ہو چکی ہے اور اس کے لیے مکمل طور پر آئینی راستہ اپنایا گیا ہے، جبکہ دوسری جانب سندھ اسمبلی اور عوامی نمائندوں نے سندھ کی تقسیم کو مسترد کیا ہے۔

اپنے خطاب کے آخر میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ فی الحال کچھ باتیں ادھوری چھوڑ رہے ہیں اور جلد ہی ملتان میں میٹ دی پریس کر کے مزید تفصیلات سامنے لائیں گے۔

مزید خبریں