اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 2 خواتین سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ اے این ایف کے مطابق 8 مختلف کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 84.975 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی، جس کی مالیت ایک کروڑ 27 لاکھ روپے سے زائد بتائی گئی ہے۔
اے این ایف کے مطابق کراچی کے ایک کورئیر آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل سے کپڑوں میں جذب کی گئی 2.9 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔
اسلام آباد ایئرپورٹ پر جدہ جانے والے ایک مرد اور ایک خاتون مسافر کے پیٹ سے کوکین سے بھرے 10 کیپسول برآمد کیے گئے، جن کا مجموعی وزن 200 گرام تھا۔
سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی سے 60 کلوگرام افیون برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ اسلام آباد ٹول پلازہ کے قریب دوسری کارروائی میں گاڑی سے 10.8 کلوگرام چرس برآمد کرکے ایک ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔
جی ٹی روڈ پشاور پر انسٹی ٹیوٹ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزم سے 4.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔ سنگجانی ٹول پلازہ کے قریب ایک اور کارروائی میں گاڑی سے 3.6 کلوگرام چرس برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن، 6 ملزمان گرفتار
اے این ایف کے مطابق راوی ٹول پلازہ لاہور کے قریب موٹر سائیکل سوار 2 ملزمان، جن میں ایک خاتون بھی شامل تھی، کے قبضے سے 120 آئس بھرے کیپسول، جن کا وزن 1.140 کلوگرام، اور 127 ہیروئن بھرے کیپسول، جن کا وزن 635 گرام تھا، برآمد کیے گئے۔
اسپینی روڈ کوئٹہ کے ایک کورئیر آفس میں کارروائی کے دوران پارسل میں پلاسٹک کار کے اندر چھپائی گئی 900 گرام آئس بھی برآمد کرلی گئی۔
اے این ایف نے تمام کارروائیوں کے بعد گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔











