اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا گھر پروگرام کے ذریعے اگلے 6 ماہ میں ایک ہزار ارب روپےکا قرض دینےکا ہدف مقرر کرتے ہوئے بینکوں کو قرض کی منظوری کے لیے روشنی کی رفتار سے کام کرنےکی ہدایت کردی۔
اسلام آباد میں اپنا گھر پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا، وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر وہ اقدامات کرنا ہوں گے جن کا خواب بانی پاکستان نے دیکھا تھا، یہ وہ پاکستان نہیں جس کے لیے بانی پاکستان نے تحریک چلائی تھی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 2 لاکھ گھروں کی تعمیر آٹے میں نمک کے برابر ہے، جن خاندانوں کو مکان ملے ان کو مبارک باد، لیکن ایک بڑی تعداد اپنی چھت، روزگار اور تعلیم سے محروم ہے، دکھ کی بات ہے ایک طرف تمام وسائل مٹھی بھر لوگوں کے ہاتھ میں ہیں اور دوسری طرف لوگ اپنے گھر سے محروم ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کروڑوں گھر بھی بنانے پڑیں تو بنائیں گے، اس مقصدکے لیے وفاق کو صوبوں کے ساتھ مل کر اقدامات کرنا ہوں گے، اگر ہم عوام کو ایک چھت بھی فراہم نہیں کرسکتے تو عہدوں پر رہنے کی ضرورت نہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور اور کراچی ایئرپورٹس کی توسیع کی منظوری دے دی
انہوں نےکہا کہ ماضی قریب میں بھی ایک اسکیم سامنے آئی تھی جس میں صرف اشرافیہ کو فائدہ ہوا، اشرافیہ تو اپنے لیےگھر بناسکتی ہے،گھر بنانے میں مددکی ضرورت غریب عوام کو ہے، اپنے گھر کے لیے قرض کے حصول میں سیاسی مداخلت برداشت نہیں کی جائےگی۔
اس سے قبل خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اپنا گھرپروگرام نے 100 ارب روپے سے زائد کے قرضے فراہم کرنےکا سنگ میل عبورکرلیا ہے۔ اس اسکیم کی کامیابی کے لیےکئی اجلاس منعقد کیےگئے، وزیراعظم کی ہر میٹنگ کا مرکز و محور صرف پاکستان کے عوام اور ان کی فلاح و بہبود ہوتی ہے۔











