لندن(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ کے شہر لندن میں ایک 13 سالہ لڑکے پر اسکول میں دو بچوں کو چاقو کے وار سے قتل کرنے کی کوشش اور دہشت گردی کی کارروائی میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم نے مبینہ طور پر حملے کی ویڈیو اپنے موبائل فون سے ریکارڈ کی اور خود کو ’’اللہ کا سپاہی‘‘ قرار دیا۔
برطانوی میڈیا کے مطابق واقعہ 10 فروری کو شمال مغربی لندن کے علاقے برینٹ میں واقع کنگزبری ہائی اسکول میں پیش آیا۔ قانونی وجوہات کی بنا پر ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی جا سکتی، جو اب 14 سال کا ہو چکا ہے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم مبینہ طور پر چاقو اور حشرات کش اسپرے لے کر اسکول پہنچا اور ایک کلاس روم میں داخل ہونے سے قبل ایک طالب علم کے چہرے پر اسپرے کیا۔ اس کے بعد وہ ایک مخصوص طالب علم کی تلاش میں کلاس میں داخل ہوا اور اسے سر، گردن اور کندھے پر متعدد وار کرکے زخمی کر دیا۔
استغاثہ کے مطابق ملزم نے حملے کے دوران متعدد مرتبہ ’’اللہ اکبر‘‘ کے نعرے لگائے اور بعد ازاں کھیل کے میدان میں جا کر ایک دوسرے طالب علم کی گردن پر بھی چاقو سے وار کیا۔ خوش قسمتی سے دونوں زخمی بچے جانبر ہوگئے۔
عدالت میں بتایا گیا کہ ملزم نے اپنے موبائل فون پر حملے کی ویڈیو بھی بنائی، جس میں اسے مبینہ طور پر یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ وہ اب بچہ نہیں بلکہ ایک سپاہی ہے اور شہادت حاصل کرنا چاہتا ہے۔
استغاثہ کی وکیل ایلیسن مورگن کے سی نے عدالت کو بتایا کہ ملزم مبینہ طور پر انتہا پسندانہ نظریات سے متاثر تھا۔ حملے سے پانچ ماہ قبل بھی وہ ایک دوسرے طالب علم کے ساتھ بلااشتعال جھگڑے میں ملوث رہا تھا، جس دوران اس نے افغانستان کے حق میں نعرے لگائے تھے۔
برطانیہ میں مہنگائی ایک سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، شرح 3.6 فیصد ریکارڈ
عدالت کو مزید بتایا گیا کہ ملزم نے افغانستان کے سفر اور طالبان ارکان سے ملاقاتوں کا دعویٰ بھی کیا تھا، جبکہ اس کے موبائل فون سے داعش کے جھنڈے کی ایک تصویر بھی برآمد ہوئی، جو مبینہ طور پر حملے سے ایک ماہ قبل تیار کی گئی تھی۔
سماعت کے دوران عدالت میں حملے کی ویڈیو چلائی گئی تو ملزم آبدیدہ ہوگیا۔ استغاثہ کے مطابق حملے کے بعد وہ ایک مسجد پہنچا، جہاں اس نے نماز ادا کی اور امام مسجد کو بتایا کہ وہ ایک لڑائی میں ملوث رہا ہے۔ بعد ازاں پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
ملزم پر دونوں بچوں کے قتل کی کوشش اور دہشت گردی کی کارروائی کا الزام ہے، تاہم اس نے قتل کی کوشش کے الزامات مسترد کر دیے ہیں۔ مقدمے کی مزید سماعت جاری ہے۔











