جمعه,  20 نومبر 2026ء
ٹی وی اینکر ربیعہ کے ورثاء نے واقعےکو حادثہ قرار دے دیا، قتل کیس کے نامزد ملزم شوہرکی ضمانت منظور

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کے ورثاء نے ربیعہ کی موت کو حادثہ قرار دے دیا، عدالت نے قتل کیس کے نامزد ملزم مقتولہ کے شوہراحسن طاہر کی ضمانت منظور  کرلی۔

راولپنڈی کی ڈسٹرکٹ کورٹ میں ٹی وی اینکر ربیعہ احسن کی ہلاکت کے مقدمےکی سماعت ہوئی۔

راولپنڈی؛ مسلح ملزم کی میڈیکل لیب میں تنہا خاتون سے ڈکیتی، نقدی وموبائل لے اڑا

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج خرم سلیم نے مقدمے میں نامزد مقتولہ کے شوہر احسن طاہر کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرلی۔

مقتولہ کی والدہ، بھائی اور بہن کی جانب سے عدالت میں بیان حلفی جمع کرائے گئے، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ احسن طاہر نے ربیعہ کو قتل نہیں کیا بلکہ یہ ایک حادثہ تھا۔

بیان حلفی میں ملزم کو فی سبیل اللہ معاف کرنے اور مقدمےکی مزید پیروی نہ کرنے کا بھی کہا گیا۔

مقتولہ کے اہلخانہ نے بیان حلفی میں مؤقف اختیار کیا کہ اگر عدالت ملزم کو ضمانت پر رہا کرے یا مقدمے سے بری کرے تو انہیں کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔

عدالت نے ورثاء کے بیان حلفی کی روشنی میں ملزم کی 2 لاکھ روپےکے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرلی۔

سماعت کے بعد مدعی مقدمہ کی وکیل صبا فراز راجہ نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئےکہا کہ مقتولہ کے اہلخانہ نے واقعےکو حادثہ قرار دیا ہے اور ان کے مطابق واقعےکے پیچھے کوئی منصوبہ بندی نہیں تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی کارروائی وکلاء کی موجودگی میں مکمل کی گئی۔

مزید خبریں