جمعه,  20 نومبر 2026ء
اسلام آباد ہائی کورٹ میں مسیحی برادری کے مذہبی حقوق اور حقِ رائے دہی کے تحفظ کی درخواست دائر

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ میں بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے مسیحی برادری کے مذہبی حقوق، مذہبی آزادی اور حقِ رائے دہی کے تحفظ کے لیے ایک اہم درخواست دائر کی گئی ہے۔درخواست گزار جوائے جوزف نے اپنے وکیل کے ذریعے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے دوران مسیحی برادری کو اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی اور انتخابی عمل میں برابر کے مواقع فراہم کیے جائیں۔درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اتوار کا دن مسیحی برادری کے لیے عبادت اور سبت کے دن کی حیثیت سے خصوصی مذہبی اہمیت رکھتا ہے۔ اس روز مسیحی شہری گرجا گھروں میں عبادات اور مذہبی رسومات میں شرکت کرتے ہیں۔ ایسے میں اتوار کے روز پولنگ کا انعقاد مسیحی ووٹرز کے لیے اپنے مذہبی فرائض کی ادائیگی اور حقِ رائے دہی کے استعمال کے حوالے سے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مسیحی برادری کے مذہبی حقوق اور آئینی آزادیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے 20 دسمبر 2026 کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے اتوار کے علاوہ کسی دوسرے مناسب دن پولنگ کرانے پر غور کرے تاکہ مسیحی شہری بلا کسی مذہبی رکاوٹ کے انتخابی عمل میں بھرپور حصہ لے سکیں۔درخواست گزار کے وکیل یاسر محمود چوہدری نے جسٹس عامر مجید ملک کے روبرو سماعت کے دوران مسیحی برادری کے دینی، آئینی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے مناسب قانونی اقدامات اٹھانے کی استدعا کی۔درخواست میں زور دیا گیا ہے کہ پاکستان کے آئین میں تمام شہریوں کو مذہبی آزادی اور مساوی حقوق حاصل ہیں، لہٰذا انتخابی شیڈول مرتب کرتے وقت اقلیتوں کے مذہبی فرائض اور عبادت کے دنوں کا بھی خیال رکھا جانا چاہیے۔یہ درخواست ملک میں اقلیتوں کے مذہبی حقوق، آئینی آزادیوں اور جمہوری عمل میں مساوی شرکت کو یقینی بنانے کے حوالے سے اہمیت کی حامل ہے۔

مزید خبریں