لاڑکانہ(روشن پاکستان نیوز) لاڑکانہ میں غیرت کے نام پر دو افراد کے قتل کے مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر دو ملزمان کو عمر قید اور جرمانے کی سزا سنادی۔
فرسٹ ایڈیشنل اینڈ سیشن جج حبیب الرحمان جونیجو کی عدالت نے جميل احمد عمرانی اور شبانہ عمرانی کے قتل کے الزام میں اللہ ڈنو عمرانی اور محمد حسین عمرانی کو عمر قید کی سزا سنائی۔ عدالت نے دونوں مجرموں کو پانچ، پانچ لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنے کا حکم بھی دیا۔
پولیس کے مطابق تین سال قبل گاؤں میوو شیخ میں جميل احمد عمرانی اور شبانہ عمرانی کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ 2023 میں درج کیا گیا تھا۔
عدالت نے مقدمے میں نامزد دو دیگر ملزمان رجب عمرانی اور محب علی عمرانی کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کر دیا۔ یوں قتل کے مقدمے میں دو ملزمان کو عمر قید جبکہ دو کو بری کر دیا گیا۔











