جمعه,  20 نومبر 2026ء
پاکستان میں زیتون کی صنعت کے فروغ کیلئے پاک اٹلی تعاون جاری، آٹھویں گرینڈ نیشنل اولیو گالا کا اعلان

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان میں زیتون کی صنعت تیزی سے ترقی کی جانب گامزن ہے اور زرعی شعبے میں تنوع پیدا کرنے، مقامی سطح پر زیتون کے تیل کی پیداوار بڑھانے، کسانوں کی معاشی بہتری اور صحت بخش غذائی رجحانات کو فروغ دینے کے لیے اس شعبے میں نئے امکانات سامنے آ رہے ہیں۔ پاکستان اور اٹلی کے درمیان جاری تکنیکی و ترقیاتی تعاون زیتون کی کاشت، جدید پیداواری طریقوں، تیل کی پراسیسنگ، معیار کی بہتری اور صنعت سے وابستہ افراد کی استعداد بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ اطالوی ماہر ڈاکٹر فرانسسکو ڈی موسو، صنف موسمیاتی تبدیلی اور کمیونٹی امور کی ماہر ڈاکٹر فوزیہ کنول اور ترقی پسند زیتون کاشتکار و پروڈیوسر سعد بھٹی نےان خیالات کا اظہار نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں اولیو کلچر اسکیل اَپ پروجیکٹ کے تحت منعقدہ ’’زیتون کے فروغ، طبی افادیت اور غذائی اہمیت پر میڈیا ڈائیلاگ‘‘ کے دوران کیا۔ جس پر اطالوی ادارہ CIHEAM Bari عمل درآمد کر رہا ہے۔مقررین نے کہا کہ پاکستان میں زیتون کی کاشت کے فروغ، مقامی سطح پر زیتون کے تیل کی کشید، پراسیسنگ کی استعداد میں اضافے اور پیداواری معیار بہتر بنانے کے حوالے سے اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔ زیتون کی صنعت کو محض زرعی سرگرمی تک محدود رکھنے کے بجائے ایک مکمل معاشی و تجارتی شعبے کے طور پر ترقی دینے کی ضرورت ہے، جس میں کاشتکاروں، پروڈیوسرز، پراسیسنگ یونٹس، مارکیٹنگ اداروں اور صارفین کے درمیان مضبوط روابط قائم کیے جائیں تاکہ مقامی پیداوار کو بہتر منڈی اور مناسب تجارتی مواقع میسر آ سکیں۔انہوں نے کہا کہ زیتون کی صنعت کی پائیدار ترقی کے لیے پیداوار میں اضافے کے ساتھ ساتھ صارفین میں مقامی زیتون کے تیل کے حوالے سے اعتماد پیدا کرنا، اس کی غذائی خصوصیات سے آگاہ کرنا اور اسے روزمرہ خوراک کا حصہ بنانے کی ترغیب دینا بھی ناگزیر ہے۔ پاکستان میں تیار ہونے والے زیتون کے تیل کی افادیت، معیار اور استعمال کے بارے میں درست معلومات عام کرنے سے مقامی مصنوعات کی طلب میں اضافہ اور ملکی صنعت کو تقویت مل سکتی ہے۔شرکاء نے اس امر پر زور دیا کہ صحت بخش غذائی عادات کے فروغ کے لیے عوامی آگاہی مہمات، مستند غذائی معلومات اور مقامی سطح پر دستیاب معیاری مصنوعات کے استعمال کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صارفین میں شعور پیدا کرنا زیتون کی صنعت کے لیے نئی منڈیوں کی تشکیل اور مقامی پیداوار کی کھپت بڑھانے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔اس موقع پر آٹھویں گرینڈ نیشنل اولیو گالا 2026 کے انعقاد کا بھی باضابطہ اعلان کیا گیا، جو 11 سے 13 دسمبر 2026 تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ تین روزہ قومی تقریب میں زیتون کے کاشتکاروں، زیتون کے تیل کے پروڈیوسرز، پراسیسنگ سے وابستہ اداروں، کاروباری شخصیات، متعلقہ ماہرین اور صارفین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کیا جائے گا۔گرینڈ نیشنل اولیو گالا زیتون کی صنعت سے وابستہ مختلف حلقوں کو ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے، اپنی مصنوعات متعارف کرانے، کاروباری روابط قائم کرنے اور مقامی زیتون کے تیل کی مارکیٹ کو وسعت دینے کا موقع فراہم کرے گا۔پاکستان اور اٹلی کے درمیان یہ تعاون تکنیکی معاونت، ادارہ جاتی استعداد میں اضافے، جدید زرعی طریقوں کے فروغ، پیداواری معیار بہتر بنانے اور زیتون کی صنعت سے وابستہ افراد کی مہارتوں میں اضافے کے لیے جاری ہے۔

مزید خبریں