جمعه,  20 نومبر 2026ء
زبان زد عام مگر غلط العام

سید شہریار احمد
ایڈوکیٹ ہائی کورٹ

زبان زد عام مگر غلط العام

سینکڑوں سالوں سے کچھ جملے تواتر سے بولے جا رہے ہیں لیکن اگر ان پہ غور کریں تو آپ کو ان میں مکمل تضاد ملے گا ۔
بس میرا دماغ تو ایسے ہی الٹی سیدھی چیزیں ڈھونڈتا پھرتا ہے اب آپ دیکھیے کسی نے کہا تھا کہ
( لوگ کہتے ہیں تو پھر ٹھیک ہی کہتے ہوں گے)
اور پھر لوگوں نے اس بات پر وشواس کرنا بھی شروع کر دیا لیکن جب میں دیکھتا ہوں تو پتہ چلتا ہے کہ 99 پریشد لوگ صرف سنی سنائی باتوں کو آگے بیان کرتے ہیں، نہ صرف آگے بیان کرتے ہیں بلکہ بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں جس سے کہی گئی بات کا مفہوم، اس کی غرض و غایت ضائع ہو جاتی ہے آپ نے بھی یہ نوٹس کیا ہوگا بلکہ اکثر اوقات آپ کے سامنے کوئی واقعہ رونما ہوا اور کچھ عرصے بعد جب وہ آپ کو دوبارہ سنایا گیا تو عوام الناس کے جذبات اور ان کے مرچ مصالحے کی وجہ سے یکسر بدل چکا تھا۔
میں ایک اور بات کی طرف آپ کی توجہ مبذول کروانا چاہتا ہوں۔ کہا جاتا ہے کہ

( کتا ایک بہت وفادار جانور ہے) پھر ساتھ ہی یہ کیوں کہتے ہیں کہ
( کتی چوروں سے مل گئی۔)

اب میں سوچتا ہوں کہ یہ وفاداری والا مفہوم کہاں گیا ؟
تو کیا صرف کتا ہی وفادار ہے اور کتی دھوکے باز، کمینی، گھٹیا اور سازشی ہوتی ہے۔
بچپن میں فلموں میں دیکھا اور سنا کرتے تھے کہ بڑا بھائی باپ کی جگہ اور بھابھی ماں کی طرح ہوتی ہے اور وہ واقعتا ان رشتوں کی عکاسی بھی کر کے دکھایا کرتے تھے
لیکن میں آج اس وقت آپ لوگوں سے پوچھتا ہوں کہ کہاں ہیں وہ بڑے بھائی جو باپ کا کردار ادا کرتے ہیں اور بھابھی جو ماؤں جیسی ہوا کرتی ہے؟

ابھی چند لمحے پہلے کتوں کی بات چل نکلی ہے تو ایک اسلامی جملے پہ ذرا غور کیجیے۔ اسلامی علماء کرام کتوں سے بہت نفرت کرتے ہیں اور ہمیں بھی یہ کہا جاتا ہے کہ جس گھر میں کتا ہو وہاں فرشتے نہیں آیا کرتے ۔
اب میں یہ نہیں جانتا کہ ان مذہبی دانشوروں کو یہ علم کیسے ہوا ؟سینہ بہ سینہ منتقل ہوا یا احادیثوں کی کتابوں میں پڑھا؟
لہذا میں یہاں ایسے نابغہ روزگار دین فروشوں کی ملامت نہیں کروں گا کیونکہ اس میں ان کا بھی کوئی قصور نہیں ہے۔ جب وہ ننھے منے بچے تھے تو انہوں نے یہی سن رکھا تھا
لیکن جو وضاحت میں ان عالموں سے چاہتا ہوں وہ یہ ہے کہ آپ کون سے فرشتے کی بات کر رہے ہیں؟ رحمت کے فرشتے اس گھر میں نہیں آتے جہاں کتے پلتے ہیں یا کہ موت کا فرشتہ بھی نہیں آتا؟
اگر تو رحمت کے فرشتے نہیں آتے اور موت کا فرشتہ وہاں دخل اندازی کر سکتا ہے تو پھر تو یہ بہت بڑی زیادتی ہوئی نا، قانون اور اصول تو سب فرشتوں کے لیے ایک سا ہونا چاہیے۔
تو پھر سوال پیدا ہوتا ہے کہ جس گھر میں کتے ہوتے ہیں پھر وہاں لوگ مرتے کیوں ہیں، وہاں موت کا فرشتہ کیسے چلا آتا ہے؟
اچھا چھوڑیں اس بحث کو۔ اب آپ مجھے یہ بتائیں کہ بقول ان دین دار لوگوں کے جس گھر میں کتا ہو وہاں فرشتہ داخل نہیں ہو سکتا تو بھائی وہ پچھلے دروازے سے آ جائے،
فرشتہ چھت کے راستے سے آ جائے، کسی روشندان یا کھڑکی سے گھر میں داخل ہو جائے، فرشتے کو کون روک سکتا ہے ۔
اگر ایک کتا فرشتے کی آمد کو روک لے تو پھر اس فرشتے کی کیا ویلیو، کیا طاقت، کیا اوقات رہ گئی؟
بس ایسے الٹے سیدھے خیالات میرے دماغ میں آتے رہتے ہیں جو میں آپ سے شیئر کر دیا کرتا ہوں۔
کہا جاتا ہے کہ ایک در بند تو 100 در وا ہو جاتے ہیں لیکن جب ہم دیکھتے ہیں کسی سیاسی جماعت کے ڈائ ہارڈ ورکر کو، جب اس پر حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ کا عتاب آتا ہے تو اس کے بزنس کے، نوکری کے تمام دروازے بند کر دیے جاتے ہیں۔
وہاں میں پھر یہی پاتا ہوں کہ اس کے لیے کوئی در نہیں کھلا بلکہ جو سات آٹھ دروازے تھے وہ سب بند ہو چکے ہیں اور ایسی حالت میں اس سیاسی کارکن کا اور اس کے خاندان والوں کا کوئی پرسان حال نہیں ہوا کرتا
اور سنیں بیوی دکھ سکھ کے ساتھی ہے۔
آپ نے جملہ بارہا سنا ہوگا ،پڑھا بھی ہوگا لیکن آپ کا تجربہ اس کے بالکل برعکس نکلے گا۔
اگر آپ شادی شدہ نہیں ہیں تو انتظار کیجئے جب آپ رشتہ رشتہ ازدواج میں بندھ جائیں گے اور اس کے بعد جب آپ کو مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا تب میں آپ سے جانوں گا کہ بیوی صرف سکھ کی ساتھی ہے یا دکھ کی بھی ؟
شادی شدہ لوگوں کا مشاہدہ تو یہی ہے کہ 95 فیصد بیویاں صرف سکھ کے ساتھ ہی ہوا کرتی ہیں۔ دکھ میں تو اپنے خاوند کو خالق حقیقی کے پاس پہنچانے سے بھی باز نہیں آتیں۔

ایک اور دلچسپ بات سناؤں؟

( آواز خلق کو نقارہ خدا سمجھو)
اس کا مطلب یہ ہے کہ جو عوام کی ڈیمانڈ ہے، جو ان کا مطالبہ ہے یا جو ان کی بددعائیں ہیں اسے آپ خدا اور بھگوان کی طرف سے ایک پیغام سمجھیں کیونکہ جو بنی نوع انسان کہہ رہی ہے، چیخ و پکار کر رہی ہے اس کا نتیجہ جلد ہی رنگ لائے گا لیکن ہم دیکھتے ہیں کہ حکمران اور اسٹیبلشمنٹ عوام کی بد دعائیں لیتے، گالیاں سنتے انتقام کے نعرے سہتے ہوئے کئی سال تک اپنی مسند پر براجمان رہتے ہیں لیکن کہیں سے کوئی غیبی طاقت عوام کو ان کے جبر سے بچا نہیں پاتی۔
دیکھا آپ نے یہ سب باتیں غلط ہیں مگر پھر بھی زبان زد عام ہیں۔
اب میں تو ایسی ہی باتیں کیا کرتا ہوں۔ آپ کو اچھی لگیں یا بری،
اگر آپ نے اپنا ایمان بچانا ہے تو مجھے پڑھنا چھوڑ دیں کیونکہ ابھی میری ایسی باتیں ختم نہیں ہوئیں ہیں۔
اگلی مرتبہ میں مزید بکواسیات آپ کے سامنے پیش کروں گا۔

توں شاکر آپ سیاناں ایں
میرا چہرہ پڑھ
حالات نہ پچھ

مزید خبریں