جمعه,  20 نومبر 2026ء
اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ: محمد موسیٰ کے دو گول، پاکستان اور اردن کا مقابلہ برابر

وینتیان(محب)  اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کوالیفائرز کے گروپ ڈی کے آخری میچ میں پاکستان اور اردن کے درمیان مقابلہ 2-2 گول سے برابر ہوگیا۔ پاکستان کی جانب سے محمد موسیٰ نے دونوں گول اسکور کیے۔

لاؤس نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے شاندار کھیل پیش کیا۔ محمد موسیٰ نے پہلے ہاف کے اختتام پر پنالٹی پر گول کرکے پاکستان کو برتری دلائی، جبکہ 52ویں منٹ میں دوسرا گول کرکے اسکور 2-0 کردیا۔

تاہم اردن نے 55ویں منٹ میں یوسف تیسر محمود کے گول کی بدولت خسارہ کم کیا۔ میچ کے آخری لمحات میں محمد ارماڈ سرور کو دوسرا یلو کارڈ ملنے پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا، جس کے باعث پاکستان کو دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔ انجری ٹائم کے آخری لمحات میں اردن کے فیصل محمد ایف الحورانی نے گول کرکے مقابلہ 2-2 سے برابر کردیا۔

پاکستان نے ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ قومی ٹیم نے سری لنکا اور میزبان لاؤس کو شکست دی، جبکہ گروپ کی فاتح ایران کے خلاف اسے 1-0 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان نے چار میچز میں سات پوائنٹس حاصل کرکے گروپ ڈی میں تیسری پوزیشن پر اپنی مہم مکمل کی۔

مزید خبریں