اسلام آباد: (روشن پاکستان نیوز ) اغوا اور ڈکیتی کا مقدمہ درج کرانے والا ریٹائرڈ ڈی ایس پی خود اپنی ہی ایف آئی آر کے اخراج کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گیا، عدالت نے مقدمہ خارج کرنے کے ساتھ مبینہ طور پر غلط ایف آئی آر درج کرنے پر پولیس کے خلاف محکمانہ انکوائری اور کارروائی کا حکم دے دیا۔
جسٹس شاہ رخ ارجمند نے ریٹائرڈ ڈی ایس پی محمد اشفاق کی درخواست پر سماعت کی، جس میں درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ تھانہ کھنہ پولیس نے ان کے نام سے اغوا، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم کا مقدمہ درج کیا، حالانکہ نہ انہیں اغوا کیا گیا اور نہ ہی انہوں نے کوئی درخواست دی تھی۔
درخواست گزار کے وکیل سید غضنفر علی گیلانی نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی آر نمبر 693/26 تعزیرات پاکستان کی دفعات 365، 147، 382 اور 149 کے تحت درج کی گئی، جس میں 20 سے زائد افراد، زیادہ تر کھنہ پل کے تاجروں، کو نامزد کیا گیا تھا۔
ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ محمد اشفاق کو اغوا کرکے 14 روز حبس میں رکھا گیا، تشدد کیا گیا اور رہائی کے لیے لاکھوں روپے طلب کیے گئے، تاہم درخواست گزار نے ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے نام سے مقدمہ ان کی اجازت اور علم کے بغیر درج کیا گیا۔
محمد اشفاق کے مطابق تھانہ کھنہ پولیس نے کھنہ پل سے 30 سے زائد افراد کو اٹھا کر تھانے منتقل کیا، جہاں مبینہ طور پر بھاری رقوم طلب کی گئیں اور بعض افراد سے سادہ کاغذات پر دستخط لے کر انہیں رہا کردیا گیا۔ ان کا الزام ہے کہ انہی خالی کاغذات پر بعدازاں من پسند تحریر درج کرکے خود ساختہ واقعات بنائے گئے اور مقدمات درج کیے گئے۔
درخواست گزار نے بتایا کہ ایف آئی آر کے اخراج کے لیے مجسٹریٹ اور پولیس حکام سے رجوع کیا، تاہم شنوائی نہ ہونے پر اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرنا پڑا۔
معاملے میں جاوید اقبال اور زاہد بشیر کے نام سے بھی مبینہ طور پر ایسے مقدمات درج کیے جانے کا انکشاف ہوا، جنہوں نے اپنی ایف آئی آرز کے اخراج کے لیے عدالت سے رجوع کیا۔ ان درخواستوں پر ایڈووکیٹ راجہ خرم خوشحال پیش ہوئے، جبکہ عدالت نے ان مقدمات کے اخراج کا بھی حکم دیا۔
عدالت عالیہ نے مقدمات خارج کرتے ہوئے پولیس افسران کو معاملے کی باقاعدہ محکمانہ انکوائری کرنے اور مبینہ طور پر غلط مقدمات درج کرنے کے معاملے پر کارروائی کی ہدایت کی۔ عدالتی حکم کے بعد تھانہ کھنہ پولیس کے مبینہ اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کو غیر قانونی طور پر حراست میں لینے کے الزامات کی تحقیقات اہمیت اختیار کر گئی ہیں۔











