هفته,  27 جولائی 2024ء
نوجوانوں کا مستقبل آئندہ انتخابات سے جڑا ہے، شہباز شریف

لاہور (روشن پاکستان نیوز)سابق وزیراعظم و صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھاندلی زدہ حکومت نے ہم پر بدترین کرپشن کے الزمات لگائے، نواز شریف پر کوئی بھی کرپشن ثابت نہ کرسکا، دنیا کے کسی معاشرے میں کرپشن مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ الیکشن میں عوام بیلٹ بکس کے ذریعے ووٹ سے فیصلہ کریں گے، نوجوانوں کا مستقبل آئندہ انتخابات سے جڑا ہے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ کا تعلق بھی براہ راست الیکشن سے ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے 1997 میں پہلی موٹر وے بنائی، موٹر وے بنانے کی وجہ سے نواز شریف پر کرپشن کے الزامات لگے، کوئی بھی نواز شریف پر کرپشن کے الزامات ثابت نہیں کرسکا، آج موٹروے سے لاکھوں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں کرپشن کو شدید ضرب لگی، 2013 میں نواز شریف نے ووٹ کے ذریعے حکومت حاصل کی، 2013 میں پاکستان کا کرپشن انڈیکس 139 پر پہنچ چکا تھا، 2013 سے 2018 تک پاکستان میں سب سے بڑی سرمایہ کاری ہوئی۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پاکستان میں بجلی کے منصوبے لگے، سی پیک کوریڈور بنے، پہلی اورنج لائن ٹرین کا آغاز ہوا، کوئلے سے بجلی بنانے کے منصوبے لگے، گیس سے بجلی بنانے کے مزید منصوبے بھی لگائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت بدترین دھاندلی اور جادو منتر کے ذریعے قائم ہوئی تھی، دھاندلی زدہ حکومت نے ہم پر بدترین کرپشن کے الزمات لگائے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دنیا کے کسی معاشرے میں کرپشن مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی۔

شہباز شریف نے کہا کہ بلاول بھٹو جہاں سے چاہیں الیکشن لڑیں لیکن پیسے بانٹ کر ووٹ مانگنا ووٹ کی بدترین توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بارش کے بعد اب بتائیں موازنہ ہوا یا نہیں؟ میں نے بلاول بھٹو سےکہا تھا کہ مناظرہ نہیں موازنہ ہوناچاہیے جو کل ہوگیا۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News