ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہریوں کی سہولت کے لیے سفارت خانہ پاکستان ریاض نے پاسپورٹ کی تجدید اور حصول کے لیے آن لائن اپائنٹمنٹ کا نظام متعارف کروا دیا ہے۔ نئے نظام کے تحت سینکڑوں پاکستانی شہری مختلف اوقات کے لیے سفارت خانے کی ویب سائٹ کے ذریعے آن لائن اپائنٹمنٹ حاصل کر سکیں گے۔
اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ ساجد محمود کا کہنا ہے کہ آن لائن اپائنٹمنٹ نظام متعارف کروانے کا مقصد ہم وطنوں کو بہتر اور آسان سہولیات فراہم کرنا ہے، تاکہ انہیں پاسپورٹ سے متعلق امور کے لیے طویل قطاروں میں انتظار نہ کرنا پڑے۔ شہری اپنی اپائنٹمنٹ کے مقررہ وقت کے مطابق سفارت خانہ پاکستان پہنچ کر پاسپورٹ کی تجدید اور نئے پاسپورٹ کے حصول کے لیے کارروائی مکمل کروا سکیں گے۔
سفارت خانہ پاکستان ریاض نے ہم وطنوں پر زور دیا ہے کہ وہ آن لائن اپائنٹمنٹ کے حصول کے لیے سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ سے رجوع کریں اور کسی بھی قسم کی دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے ایجنٹ مافیا سے دور رہیں۔
آن لائن اپائنٹمنٹ کے اس نظام سے توقع ہے کہ پاسپورٹ خدمات کے حصول میں آسانی پیدا ہوگی اور شہریوں کے قیمتی وقت کی بچت بھی ممکن ہو سکے گی۔











