جمعه,  23 اکتوبر 2026ء
ریاض کی جانب داغا گیا حوثی ملیشیا کا بیلسٹک میزائل تباہ

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت ریاض کی جانب داغا گیا بیلسٹک میزائل تباہ کر دیا ہے۔

عرب اتحاد کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی کے مطابق، یمن میں حوثی ملیشیا کی جانب سے ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے بیلسٹک میزائل داغا گیا، جسے سعودی فضائی دفاع نے کامیابی سے فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

اس سے قبل شہری دفاع نے قومی ابتدائی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے ریاض میں الرٹ جاری کرتے ہوئے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی تھی۔

حکام نے شہریوں کو کھلی جگہوں، شیشوں، بالکونیوں اور چھتوں سے دور رہنے، جبکہ عمارتوں سے باہر موجود افراد کو قریبی عمارت میں پناہ لینے یا کسی مضبوط آڑ کے پیچھے محفوظ ہونے کی ہدایت کی تھی۔

شہری دفاع نے مزید کہا ہے کہ افواہوں سے گریز کیا جائے، غیر مصدقہ ویڈیوز شیئر نہ کی جائیں اور عوامی تحفظ سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کیا جائے۔

مزید خبریں