بدھ,  04 دسمبر 2024ء
کراچی ائیرپورٹ سگنل دھماکے کے ماسٹر مائنڈ سےمتعلق اہم حقائق سامنے آگئے

 

کراچی ائیرپورٹ کے قریب چینی قافلے پر حملے کے دوسرے مقدمے کی تفتیش کے دوران مزید اہم حقائق سامنے آئے ہیں۔

سی ٹی ڈی نے کراچی ائیرپورٹ کے قریب چینی قافلے پر خودکش دھماکے کے دوسرے مقدمے میں مالی معاونت اور منصوبہ بندی کی ابتدائی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی۔

رپورٹ کے مطابق ائیرپورٹ بم دھماکا منصوبہ بندی اور فنڈنگ کی مدد سے کیا گیا، کمانڈر کالعدم تنظیم اور دھماکے کے ماسٹر مائنڈ بشیربلوچ اورعبد الرحمان نے فنڈنگ اور منصوبہ بندی کی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ منصوبے کوہلاک دہشتگرد شاہ فہد اور گرفتار ملزم جاوید کے ذریعے تکمیل تک پہنچایا گیا جب کہ دہشتگرد جاوید نے پولیس کے سامنے خودکش دھماکے اور منصوبہ بندی کا اعتراف کیا۔ابتدائی رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ کار شوروم سے دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی 71 لاکھ میں خریدی گئی اور رقم حب چوکی کے ایک نجی بینک کے ذریعے ادا کی گئی، گاڑی میں بارودی مواد بھر کر منصوبے کو انجام دیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق مقدمےمیں کالعدم بی ایل اے کمانڈر بشیر احمد بلوچ عرف بشیر زیب اور عبدالرحمان عرف رحمان گل نامزد ہیں، دہشتگردوں کی معاونت کرنے والے نجی بینک افسر اور ایک اکاؤنٹ ہولڈر کو بھی نامزد کیا گیا ہے، یہ مقدمہ ایس ایچ او تھانہ ائیرپورٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا جب کہ مقدمے میں دہشتگردی، فنڈنگ، دھماکا خیز مواد، قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

خیال رہے کہ رواں برس اکتوبر کے پہلے ہفتے میں کراچی ائیرپورٹ سگنل کے قریب خوکش دھماکے میں 2 چینی شہریوں سمیت 3 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مزید خبریں