پشاور(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ ہم ڈٹے ہوئے ہیں، ہم لانگ مارچ کریں گے، ہم سے احتجاج کا حق کوئی نہیں چھین سکتا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انتشاری سیاست کا الزام مسترد کردیا ، کہا کہ انہوں نے تمام آئینی اور سیاسی آپشنز کا استعمال کیا، شنوائی نہیں ہوتی تو لانگ مارچ کا اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ ٰخیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا 2 سال مکمل ہونے کو ہیں،کوئی لانگ مارچ اور احتجاج نہیں کیا، ہم چور دروازوں سے نہیں آتے ، عوامی لوگ ہیں جمہوریت سے آتے ہیں، سہیل آفریدی نے سوال کیاکہ جب سے میں وزیر اعلیٰ بنا ہوں میں نے کون سا احتجاج کیا ہے؟
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا ہم ڈٹے ہوئے ہیں، ہم لانگ مارچ کریں گے، ہم سے احتجاج کا حق کوئی نہیں چھین سکتا، پارلیمانی پارٹی اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ 27 ستمبرکو ہم نکلیں گے، یہ ہمیں کو ڈرا نہیں سکتے۔
سہیل آفریدی نے کہا کل عمران خان کی تینوں بہنوں کو حراست میں لیا گیا، ہم نے تمام آئینی اور جمہوری راستے اپنائے، مجھے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے نہیں دی جاتی، عدالتی احکامات کے باوجود ہمیں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملنے نہیں دیا جاتا۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان کو گرفتار کر لیا گیا
سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ 26 نومبر 2024 کے بعد ہمارے کارکنان پر جبر جاری ہے، ہمارے بے گناہ کارکنان کو شہید کیا گیا۔
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم اسلام آباد پر چڑھائی کرنے نہیں جارہے، لاء اینڈ آرڈر کو کبھی ہاتھ میں نہیں لیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا یہ کہہ رہے ہیں کہ ہمیں دہشتگردوں کی طرح ٹریٹ کریں گے، سوال کیا کہ کیا ہم دہشت گرد ہیں؟ بیرسٹر گوہر بولے آپ ہمیں اُکسا رہے ہیں لیکن ہم دہشتگردوں کی طرح نہیں آئیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا جب ہم اسلام آباد آئیں گے تو ہر طرف پاکستان کے جھنڈے ہوں گے اور پورا پاکستان دیکھ کر خوش ہوگا، ہم سیاسی لوگ ہیں اور بانی پی ٹی آئی کے لیے آواز اٹھائیں گے، سیاسی چیمپئن ہمیں بتائیں کہ ہم احتجاج کے سوا کیا کریں۔











