منگل,  22  ستمبر 2026ء
خلیجی ممالک کو منشیات اسمگل کرنے کی 12 کوششیں ناکام، 18 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر کارروائیاں کرتے ہوئے خلیجی ممالک، بالخصوص سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور بحرین کو منشیات اسمگل کرنے کی 12 کوششیں ناکام بنا دیں۔

اے این ایف کے مطابق انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کی جانے والی 12 کارروائیوں کے دوران 18 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے مجموعی طور پر 46.936 کلوگرام منشیات برآمد ہوئی۔

برآمد ہونے والی منشیات میں 37.654 کلوگرام میتھ ایمفیٹامین (آئس)، 2.500 کلوگرام ہیروئن اور 6.762 کلوگرام نشہ آور گولیاں شامل ہیں۔ ملزمان مختلف طریقوں سے یہ منشیات بیرون ملک منتقل کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

اے این ایف کے مطابق گرفتار کیے گئے بیشتر ملزمان عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہو رہے تھے۔ جرائم پیشہ عناصر مبینہ طور پر جعلی اور مفت عمرہ پیکجز کے ذریعے سادہ لوح شہریوں کو منشیات کی ترسیل کے لیے استعمال کرتے ہیں۔

پشاور: اے این ایف کی بڑی کارروائیاں، گھروں میں نشہ آور گولیاں بنانے والے 2 نیٹ ورک پکڑے گئے

اے این ایف نے شہریوں، بالخصوص مسافروں اور نوجوانوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ اپنے ذاتی سامان میں کسی نامعلوم شخص کی جانب سے دی گئی کوئی بھی اشیا یا پارسل ہرگز ساتھ نہ لے جائیں، کیونکہ اس کے نتیجے میں انہیں سنگین قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

فورس کے مطابق خلیجی ممالک کو منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے مسلسل اور مربوط اقدامات جاری ہیں۔ اس مقصد کے لیے انٹیلی جنس معلومات، ہوائی اڈوں پر مؤثر نگرانی، متعلقہ اداروں کے ساتھ تعاون اور عوامی آگاہی مہمات کے ذریعے بین الاقوامی منشیات اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں