اسلام آباد(محب) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) نے اسلام آباد میں ہونے والی انڈر 17 چیمپئن شپ 2026 کو موجودہ صورتحال کے پیش نظر ملتوی کرنے کا اعلان کردیا۔
پی ایف ایف کے مطابق چیمپئن شپ 23 ستمبر سے 4 اکتوبر 2026 تک اسلام آباد میں منعقد ہونا تھی، تاہم اسلام آباد اور راولپنڈی پر مشتمل جڑواں شہروں میں موجودہ غیر یقینی صورتحال کے باعث ایونٹ ملتوی کیا گیا ہے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ شریک کھلاڑیوں، آفیشلز اور دیگر متعلقہ افراد کی حفاظت اور بہبود اولین ترجیح ہے، اسی لیے موجودہ حالات میں چیمپئن شپ کا انعقاد مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 11 صوبائی اور علاقائی ٹیموں نے شرکت کرنا تھی، جن میں پنجاب پوٹھوہار، پنجاب روہتاس، سندھ مہران، سندھ انڈس، بلوچستان ہنگول، بلوچستان بولان، کے پی کے ہمالیاز، کے پی کے خیبر، گلگت بلتستان قراقرم، آزاد جموں و کشمیر نیلم اور اسلام آباد مارگلہ شامل ہیں۔
پی ایف ایف کے مطابق انڈر 17 چیمپئن شپ ملکی فٹبال کی بحالی و مضبوطی، نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کے مواقع فراہم کرنے اور ملک بھر میں نوجوانوں کی فٹبال ترقی کے لیے ایک مضبوط نظام تشکیل دینے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
فیڈریشن کا کہنا ہے کہ چیمپئن شپ کی نئی تاریخوں کا اعلان موجودہ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مناسب وقت پر کیا جائے گا۔











