ماسکو(روشن پاکستان نیوز) روس میں پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج میں پیوٹن کی جماعت یونائیٹڈ رشیا کو واضح برتری حاصل ہے۔
روس کے مرکزی الیکشن کمیشن کے مطابق ڈوما (روسی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں) الیکشن کے ابتدائی انتخابی نتائج کے مطابق 71.17 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے تک یونائیٹڈ رشیا نے 57.53 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
یونائیٹڈ رشیا کے امیدوار 225 میں سے 208 براہ راست حلقوں میں بھی آگے ہیں اور ابتدائی نتائج کے مطابق یونائیٹڈ رشیا روسی پارلیمنٹ کی ایوان زیریں میں آئینی اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے، جس کے لیے 301 نشستیں درکار ہیں۔
ابتدائی نتائج کے مطابق کمیونسٹ پارٹی آف دی رشین فیڈریشن 14 فیصد ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ لبرل ڈیموکریٹک پارٹی نے 8.73 فیصد، نیو پیپل پارٹی نے7.97 فیصد اور اے جسٹ رشیا پارٹی نے 5.03 فیصد ووٹ حاصل کیے ہیں۔
ایوان زیریں کی 450 نشستوں میں سے 225 کا انتخاب پارٹی فہرستوں جب کہ باقی 225 کا انتخاب براہ راست حلقوں سے کیا جاتا ہے۔
یوکرین کے ساتھ جنگ کے دوران ہونے والے یہ روس کے پہلے پارلیمانی انتخابات ہیں اور انتخابات کے دوران بھی یوکرین نے حملے جاری رکھے جسے روس نے انتخابات میں خلل ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے۔











