پیر,  21  ستمبر 2026ء
روسی سفیر کی سحر کامران سے ملاقات، پاک روس تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان میں روس کے سفیر البرٹ پی خورئیف نے رکن قومی اسمبلی اور پاکستان روس پارلیمانی دوستی گروپ کی رکن سحر کامران سے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، عالمی و علاقائی سیاسی اور معاشی صورتحال سمیت باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقین نے پارلیمانی روابط کے فروغ اور دونوں ممالک کے درمیان وفود کے تبادلوں کو مزید فعال بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اسلام آباد: آبنائے ہرمز کشیدگی، پاکستان کی ثالثی امن کی نئی امید قرار: سحرکامران

روسی سفیر البرٹ پی خورئیف نے پاکستان اور روس کے درمیان بین الپارلیمانی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے سحر کامران کے تعمیری کردار کو سراہا۔

اس موقع پر سحر کامران نے روس میں منعقد ہونے والی اہم کثیرالجہتی تقریبات میں شرکت میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی سطح پر مسلسل رابطے اور باہمی تبادلے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

ملاقات میں دونوں جانب سے پاکستان اور روس کے درمیان تعاون کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعلقات مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزید خبریں