پیر,  24  اگست 2026ء
راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس نے سٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل چوری، قتل، منشیات اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جبکہ بڑی تعداد میں مسروقہ موٹرسائیکلیں، منشیات، اسلحہ اور نقدی برآمد کی گئی۔

ٹیکسلا پولیس نے سٹریٹ کرائم اور موٹرسائیکل چوری میں ملوث تین رکنی گینگ کے ارکان کو گرفتار کرکے 6 مسروقہ موٹرسائیکلیں اور ایک لاکھ 95 ہزار روپے برآمد کر لیے۔ گنجمنڈی پولیس نے بھی کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی گینگ کو گرفتار کرکے 6 مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد کیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔

جاتلی پولیس نے سابقہ دشمنی پر فائرنگ کرکے شہری کو قتل کرنے والے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان رواں سال اپریل سے مطلوب تھے اور انہیں ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ مقدمے میں ملزمان کے چار ساتھی پہلے ہی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔

دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے تین افراد کو گرفتار کرکے ایک کلو 240 گرام چرس، 10 لیٹر شراب اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر لیا۔ کارروائیاں تھانہ چکلالہ، مندرہ اور جاتلی کے علاقوں میں کی گئیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ منشیات اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

منشیات کے ایک مقدمے میں معزز عدالت نے مجرم عامر کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنا دی۔ پولیس کے مطابق گوجر خان پولیس نے اگست 2023 میں ملزم کو 2 کلو 260 گرام چرس برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا۔ ٹھوس شواہد اور مقدمے کی مؤثر پیروی کے نتیجے میں عدالت نے مجرم کو سزا سنائی۔

ادھر پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ایس ایس پی انویسٹیگیشن سیف اللہ اور ایس پی ہیڈکوارٹرز محمد سلیم خٹک نے کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو فوری قانونی کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں۔ پولیس افسران کو ہدایت کی گئی کہ مارک کردہ درخواستوں پر مقررہ وقت کے اندر کارروائی یقینی بنائی جائے اور شہریوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

عوام دوست پولیسنگ کے فروغ کے لیے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں خصوصی تربیتی ورکشاپ بھی منعقد کی گئی۔ ڈی ایس پی ایڈمن شاہدہ یاسمین، ڈی ایس پی لیگل راشد بلال اور دیگر افسران نے پولیس اہلکاروں کو اخلاقی اقدار، شہریوں سے شائستہ برتاؤ، تحمل، خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے لیکچرز دیے۔ ورکشاپ میں ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، پی ایچ پی اور لیڈیز پولیس کے اہلکاروں نے بھی شرکت کی۔

ورکشاپ میں خواتین، بزرگوں اور بچوں کی شکایات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اور شہریوں کو بہتر سروس ڈیلیوری فراہم کرنے پر زور دیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق اہلکاروں کے رویوں میں مثبت تبدیلی کے ذریعے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

عید میلاد النبی ﷺ کے حوالے سے ایس پی صدر انعم شیر اور ایس پی پوٹھوہار چوہدری اثر علی نے مختلف اجلاسوں کی صدارت بھی کی۔ اجلاسوں میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، انجمن تاجران، امن کمیٹی، کنٹونمنٹ بورڈ اور مرکزی میلاد کمیٹی کے منتظمین نے شرکت کی۔ اجلاس میں 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور سٹیج پروگرامز کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات اور جاری ضابطہ اخلاق پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا گیا۔

پولیس کے مطابق جلوسوں میں داخلے کے لیے صرف مختص انٹری پوائنٹس استعمال کیے جائیں گے، جبکہ امن و امان، سکیورٹی اور ٹریفک کے انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

اے این ایف کا منشیات کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، 2 ملزمان گرفتار

دریں اثنا 20 اگست کو فیصل علوی روڈ پر حنا جاوید کے قتل کے مقدمے کی تفتیش بھی جاری ہے۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کی لاش گھر کے واش روم سے ملی تھی اور اس کے ہاتھ پیچھے بندھے ہوئے تھے۔ مقتولہ کے بھائی کی درخواست پر شوہر فیصل فیاض، سسر اصغر فیاض، گھریلو ملازم ذیشان اور ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ پولیس نے مقدمے کی تفتیش کے لیے ایس ایس پی انویسٹیگیشن کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے رکھی ہے جبکہ فیصل اور ذیشان پولیس حراست میں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے کی تفتیش تمام پہلوؤں سے کی جا رہی ہے اور ٹیکنیکل و ہیومن انٹیلی جنس ذرائع استعمال کیے جا رہے ہیں۔

راولپنڈی پولیس نے شہریوں کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کے سلسلے میں مزید کھلی کچہریوں کا بھی اعلان کیا ہے۔ سی پی او حسن مشتاق سکھیرا 25 اگست کو صبح 10:30 بجے تھانہ وارث خان اور 11:30 بجے تھانہ بنی میں کھلی کچہری منعقد کریں گے۔ شہریوں سے متعلقہ تھانوں اور ایس ڈی پی او آفس سے متعلق شکایات کے ساتھ شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔

راولپنڈی پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بروقت انصاف اور بہترین سروس ڈیلیوری کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

مزید خبریں