مانچسٹر(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ کی مانچسٹر کراؤن کورٹ نے ہیٹن پارک سیناگوگ حملے کے ملزم کے ساتھی محمد بشیر کو دہشت گردی کی منصوبہ بندی میں مدد دینے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ عدالت کے حکم کے مطابق اسے کم از کم 17 سال جیل میں گزارنا ہوں گے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ محمد بشیر نے حملہ آور جہاد الشامی کو برطانیہ کی دفاعی اکیڈمی کا دورہ کروا کر وہاں کی سکیورٹی اور تنصیبات کا جائزہ لینے میں مدد دی تھی۔ تفتیش کے دوران دونوں کے موبائل ڈیٹا سے حملوں کی منصوبہ بندی اور شدت پسند خیالات سے متعلق معلومات سامنے آئیں۔
بعد ازاں جہاد الشامی نے ہیٹن پارک سیناگوگ پر حملہ کیا، جس میں دو افراد ہلاک ہوئے، جبکہ پولیس کارروائی میں حملہ آور بھی مارا گیا۔
پولیس کے مطابق محمد بشیر نے دہشت گردی کی تیاری کے الزام میں جرم کا اعتراف کیا، جس کے بعد عدالت نے اسے عمر قید کی سزا سنائی۔











