راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے 1900 کلو گرام ناقص اور مضر صحت گوشت برآمد کرکے موقع پر تلف کر دیا، جبکہ گوشت کی ترسیل میں استعمال ہونے والی دونوں گاڑیاں پولیس نے تحویل میں لے لیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی کے مطابق خفیہ اطلاع پر نیو چاکرہ اور وارث خان کے قریب کارروائیاں کی گئیں، جہاں دو گاڑیوں سے بھاری مقدار میں ناقص گوشت برآمد ہوا۔ حکام کے مطابق یہ گوشت منڈی بہاؤالدین سے راولپنڈی کے بھابڑہ بازار میں سپلائی کیا جانا تھا۔
فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے کارروائی کے دوران مجموعی طور پر 1900 کلو گرام گوشت قبضے میں لیا اور انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہونے کے باعث اسے موقع پر ہی تلف کر دیا، تاکہ اسے شہریوں تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔
حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ناقص اور مضر صحت گوشت کی ترسیل میں ملوث عناصر کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔
مہنگائی کا طوفان، سبزیوں، پھلوں اور گوشت کی قیمتیں آسمانوں پر، عوام رل گئے
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے غیر معیاری اور مضر صحت گوشت کی خرید و فروخت اور ترسیل کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ گوشت خریدتے وقت اس کے معیار اور تازگی کا خیال رکھیں۔ ناقص یا مضر صحت گوشت کی فروخت یا ترسیل کی اطلاع پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر دی جا سکتی ہے۔











