نیویارک (روشن پاکستان نیوز) ای پاسپورٹس پر منتقلی کی تاریخ میں تبدیلی کردی ، ملک بھر اور بیرونِ ملک 23 اکتوبر 2026 سے صرف ای پاسپورٹ جاری ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے ملک بھر میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کو ختم کر کے جدید ترین ای پاسپورٹ پر منتقل ہونے کی تاریخ میں تبدیلی کر دی، اب اس نئے نظام کا آغاز 15 اکتوبر کے بجائے 23 اکتوبر 2026 سے ہوگا۔
پالیسی کے تحت 23 اکتوبر 2026 سے پاکستان بھر کے تمام پاسپورٹ دفاتر اور بیرونِ ملک قائم پاکستانی سفارتی مشنز سے نئے پاسپورٹ کے درخواست دہندگان کو صرف اور صرف ای پاسپورٹس ہی جاری کیے جائیں گے۔
اس حوالے سے بیرونِ ملک قائم پاکستانی سفارت خانوں کی جانب سے باضابطہ نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔
نیویارک میں قائم پاکستانی کنسولیٹ جنرل نے 14 اکتوبر کو جاری کردہ نوٹس کے ذریعے 23 اکتوبر کی نئی تاریخ کی تصدیق کر دی ہے۔
نیویارک میں خسرے کی وبا پھیل گئی، ہنگامی حالت نافذ
دوحہ میں موجود سفارت خانے نے اپ ڈیٹ شدہ شیڈول جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہاں 22 اکتوبر تک مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ جاری کیے جائیں گے، جبکہ 25 اکتوبر سے ای پاسپورٹس کا باقاعدہ اجرا شروع ہو جائے گا۔
امیگریشن حکام نے شہریوں کو واضح کیا ہے کہ 23 اکتوبر سے پہلے جاری شدہ تمام مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ اپنی میعاد ختم ہونے تک مکمل طور پر کارآمد رہیں گے۔
جن شہریوں کے پاس درست ایم آر پی پاسپورٹ موجود ہیں، انہیں میعاد ختم ہونے سے پہلے انہیں تبدیل کرانے کی بالکل ضرورت نہیں ہے۔
حکام کے مطابق ای پاسپورٹ سسٹم پر منتقلی کا بنیادی مقصد پاسپورٹ سروسز کو جدید بنانا اور سفری دستاویزات کی حفاظت اور استعداد کار کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔











