پیر,  19 اکتوبر 2026ء
حافظ آباد: پنڈی بھٹیاں میں پولیس مقابلہ، ملزم ساتھی کی فائرنگ سے زخمی حالت میں گرفتار

حافظ آباد (شوکت علی وٹو / روشن پاکستان نیوز) تھانہ سٹی پنڈی بھٹیاں کی حدود میں ہجن روڈ پر فیضانِ مدینہ کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے زخمی ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق، گشت کے دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو انہوں نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کردی۔ پولیس اہلکاروں نے زمین پر لیٹ کر اپنی جانیں بچائیں اور حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔

فائرنگ رکنے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تو ایک ملزم زخمی حالت میں ملا، جس کی شناخت ذیشان کے نام سے ہوئی۔ پولیس نے زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا، جبکہ اس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

پولیس کے مطابق، گرفتار ملزم چوری اور منشیات اسمگلنگ سمیت 11 سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ہے۔ ملزم پر ایک روز قبل گشت پر مامور پولیس اہلکاروں پر چاقو سے حملہ کرنے کا بھی الزام ہے اور وہ تھانہ سٹی پنڈی بھٹیاں پولیس کو مطلوب تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موٹر سائیکل پر فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

مزید خبریں