پیر,  19 اکتوبر 2026ء
بم کے لیے ’ماں‘ لفظ کا استعمال، ایران نے امریکا کو وحشی تہذیب قرار دے دیا

تہران(روشن پاکستان نیوز)  ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدر آف آل بمز ’تمام بموں کی ماں‘ کا نام وحشی تہذیب کی علامت ہے۔

ایران کے خلاف ممکنہ حملوں میں طاقت ور غیر جوہری بم استعمال کرنے پر غور کی اطلاعات پر حسین محبی نے امریکی اصطلاح پر طنز کیا ہے، انھوں نے دشمن کی دھمکیوں کو مزاح میں بدلنے والی قوموں کو مستقبل کا مالک قرار دیا۔

ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان جنرل حسین محبی نے امریکا کی جانب سے اپنے سب سے طاقتور غیر جوہری بم کو ’تمام بموں کی ماں‘ (Mother of All Bombs) کہنے پر سخت تنقید کرتے ہوئے اسے ’وحشی تہذیب‘ کی علامت قرار دیا۔

محبی نے ہفتے کے روز سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ صرف ایک وحشی تہذیب ہی اپنے سب سے طاقت ور بم کا نام رکھنے کے لیے ’ماں‘ جیسے مقدس لفظ کا استعمال کر سکتی ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ مستقبل ان قوموں کا ہے جو اپنے دشمن کی دھمکیوں کو روزمرہ کے مزاح میں تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

 ایران کو جوہری معاہدہ کرنا ہوگا ورنہ تباہ کن فوجی کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا: امریکی وزیردفاع کی وارننگ

ایرانی ترجمان کا یہ بیان امریکی میڈیا کی ان رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ایران کے خلاف ممکنہ نئے حملوں میں جی بی یو-43/بی میسیو آرڈیننس ایئر بلاسٹ (GBU-43/B Massive Ordnance Air Blast) بم استعمال کرنے پر غور کر رہی ہے۔

یہ بم اپنے معروف مخفف ’موآب‘ (MOAB) کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، جسے ’تمام بموں کی ماں‘ کہا جاتا ہے۔ یہ امریکا کا ایک انتہائی طاقت ور غیر جوہری بم ہے۔

محبی کے بیان میں امریکی ہتھیار کے نام کے انتخاب کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے، جب کہ ان کا یہ تبصرہ ایسے وقت سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا میں ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائیوں میں اس بم کے استعمال پر غور کیے جانے کی اطلاعات زیرِ گردش ہیں۔

مزید خبریں