اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) : پاسپورٹ فیس کی ادائیگی آسان اور شفاف بنانے کیلیے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ کی زیرِ اجلاس میں اہم فیصلہ کر لیا گیا۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا کی زیرِ صدارت فیس کے کیش لیس نظام پر اہم اجلاس ہوا جس میں نیشنل بینک، جاز کیش، ایزی پیسہ اور دیگر اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان اور وزیر داخلہ کے وژن کے مطابق پاسپورٹ فیس کی ادائیگی مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
محمد علی رندھاوا نے شہریوں کو بینکوں کی قطاروں سے نجات دینے کیلیے جدید ادائیگی نظام متعارف کروانے کی ہدایت کی، جبکہ تمام اسٹیک ہولڈرز نے کیش لیس نظام کے جلد نفاذ کیلیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
پاسپورٹ گم ہونے پر سفری دستاویزات (ای ٹی ڈی) کیسے حاصل کریں؟ نئی شرائط جاری
9 مئی 2026 کو شہریوں کیلیے پاسپورٹ دفاتر میں خدمات کی فراہمی و معیار کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا تاکہ ان کو تیز، شفاف اور باوقار سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ محمد علی رندھاوا نے ریجنل پاسپورٹ آفس جی-10 اسلام آباد کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ترجمان کے مطابق دورے کے دوران انہوں نے شہریوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل اور شکایات خود سنیں اور متعلقہ افسران کو فوری طور پر ان کے ازالے کے احکامات جاری کیے۔
محمد علی رندھاوا نے آفس میں نافذ کیے گئے کیش لیس نظام کی مانیٹرنگ بھی کی اور اس نظام کے مؤثر نفاذ پر اطمینان کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف شفافیت میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ شہریوں کو بھی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاسپورٹ دفاتر میں خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو تیز، شفاف اور باوقار سہولیات فراہم کی جا سکیں۔











