مانچسٹر (رپورٹ: شیخ اعجاز افضل)ممبر صوبائی اسمبلی پنجاب چوہدری خالد اصغر گھرال کے اعزاز میں مانچسٹر میں ایک پُرتکلف عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جس کی میزبانی چوہدری عامر علی، چوہدری ذوالفقار علی اور چوہدری بلال خوشنود نے کی۔ تقریب میں چوہدری خالق دتے وال، چوہدری آفتاب کسانہ، چوہدری ذوالفقار چھوکر کلاں، سید امیر شاہ سمیت پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری خالد اصغر گھرال نے کہا کہ معرکہ حق کے بعد عالمی سطح پر پاکستان کا وقار بلند ہوا ہے۔ ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کرکے تاریخ رقم کی، جبکہ مکہ معاہدہ بھی ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔
اس موقع پر چوہدری خالق دتے وال نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملکی یکجہتی، سلامتی اور استحکام کے لیے پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے پوری قوم معرکہ حق کے دوران فیلڈ مارشل کے ساتھ متحد ہو کر کھڑی رہی۔
تقریب کے اختتام پر میزبان چوہدری عامر علی نے تمام مہمانوں کی آمد اور شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔











