جمعرات,  05 نومبر 2026ء
ساف چیمپئن شپ سے قبل قومی ٹیم کی ٹریننگ متاثر ہونے کی وجوہات سامنے آگئیں

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ساف چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش پہنچنے والی پاکستان فٹبال ٹیم کو سفری اور انتظامی بدانتظامی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں قومی ٹیم گزشتہ روز اپنا ٹریننگ سیشن بھی نہ کر سکی۔

اطلاعات کے مطابق، قومی اسکواڈ کے کھلاڑی لاہور اور اسلام آباد سے مختلف گروپس میں روانہ ہوئے، تاہم دوحہ میں کنیکٹنگ فلائٹ کے لیے ٹرانزٹ کا وقت کم ہونے کے باعث ٹیم کی پرواز چھوٹ گئی۔ ڈھاکہ پہنچنے پر بھی قومی ٹیم کی مشکلات ختم نہ ہوئیں، جہاں کھلاڑیوں کی کٹس اور ٹریننگ کا سامان دستیاب نہیں تھا۔

سامان کی عدم دستیابی کے باعث ٹیم کا ٹریننگ سیشن متاثر ہوا، جبکہ کٹس نہ ہونے کی وجہ سے ایم سی ایم (MCM) میٹنگ بھی منسوخ کرنا پڑی۔ اطلاعات کے مطابق، ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو انتظامات پر شدید برہم تھے اور انہوں نے پریس کانفرنس میں شرکت سے انکار کر دیا، جس کے بعد اسسٹنٹ کوچ ٹائٹس برامبل نے میڈیا سے گفتگو کی۔

پرتگالی فٹبال فیڈریشن کا بڑا فیصلہ، کرسٹیانو رونالڈو پر پابندی عائد

ان انتظامی مسائل کے باعث پاکستان کی بھارت کے خلاف اہم مقابلے سے قبل تیاریوں کو دھچکا پہنچا، کیونکہ ٹیم کو مناسب ٹریننگ کا موقع نہیں مل سکا۔ کٹس اور دیگر ضروری سامان کی بروقت فراہمی بھی ٹیم کے لیے ایک بڑا مسئلہ بنی رہی۔

بین الاقوامی سطح کے مقابلے میں شرکت کرنے والی قومی ٹیم کے لیے سفری انتظامات، کھیلوں کا سامان اور بنیادی سہولیات یقینی بنانا پاکستان فٹبال فیڈریشن کی ذمہ داری ہے۔ ایسے انتظامی مسائل نہ صرف کھلاڑیوں کی تیاریوں کو متاثر کرتے ہیں بلکہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان فٹبال کی ساکھ پر بھی سوالات اٹھاتے ہیں۔

مزید خبریں