جمعه,  06 نومبر 2026ء
مارگلہ ایونیو موٹروے لنک چند ہفتوں میں مکمل ہوگا، اسلام آباد میں عالمی معیار کا سفاری پارک بنانے کا اعلان

اسلام آباد(سعد عباسی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ مارگلہ ایونیو کو موٹروے سے منسلک کرنے کا منصوبہ مقررہ وقت سے پہلے آئندہ چند ہفتوں میں مکمل کرلیا جائے گا، جبکہ اسلام آباد میں عالمی معیار کا سفاری پارک اور جدید چڑیا گھر بھی قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے شکرپڑیاں کے قدرتی جنگل کو اصل حالت میں بحال کرنے کے منصوبے کا بھی اعلان کیا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے رات گئے سنگجانی کے قریب مارگلہ ایونیو توسیعی منصوبے (این فائیو تا ایم ون) کا ہنگامی دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)، آئی جی اسلام آباد پولیس اور متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل کی باضابطہ ڈیڈ لائن اپریل مقرر ہے، تاہم عوامی سہولت کے پیش نظر کام کی رفتار تیز کردی گئی ہے تاکہ اسے آئندہ چند ہفتوں میں مکمل کرکے ٹریفک کے لیے کھول دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مارگلہ ایونیو کو موٹروے سے منسلک کرنے سے خیبر پختونخوا سے اسلام آباد آنے والے مسافروں اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والے شہریوں کو نمایاں سہولت ملے گی۔ منصوبے کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت میں داخلے اور اخراج کے راستے آسان ہوں گے جبکہ ٹریفک کے دباؤ میں بھی کمی آئے گی۔

وزیر داخلہ نے اسلام آباد کو ماحول دوست اور سیاحتی مرکز بنانے کے حوالے سے کہا کہ شکرپڑیاں کے قدرتی جنگل کو اس کی اصل حالت میں بحال کرنے کے لیے جلد کام شروع کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وفاقی دارالحکومت میں جدید چڑیا گھر اور عالمی معیار کا سفاری پارک قائم کرنے کا منصوبہ بھی زیرِ عمل ہے۔

گورنر راج میں حصہ اورگورنرشپ نہ ملنے پر ایک سیاسی جماعت کے سربراہ شدید ناراض ہیں: محسن نقوی

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سفاری پارک کی تعمیر سے شہریوں کو سیر و تفریح کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی اور یہ مقام بین الاقوامی سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن سکتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ غیر ملکی سیاح بھی یہاں ایک سے دو روز قیام کے لیے آئیں گے۔

دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی وزیر کو منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں اور پیش رفت کے حوالے سے بریفنگ دی۔ حکام کے مطابق مجوزہ انٹرچینج پل کے پائل ورک، بنیادوں کی کھدائی، ریٹیننگ اور ایبٹمنٹ والز کی تعمیر کا کام دن رات جاری ہے، جبکہ سڑک کے ارتھ ورک اور سب بیس کی تیاری آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہے۔

منصوبے کی راہ میں حائل بجلی، گیس اور پی ٹی سی ایل کی یوٹیلیٹی لائنوں کی منتقلی اور تعمیراتی مقام کو کلیئر کرنے کا کام بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے تعمیراتی کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ ٹیموں کو ہدایت کی کہ معیار پر سمجھوتہ کیے بغیر منصوبے کو مقررہ مدت سے پہلے مکمل کیا جائے تاکہ عوام جلد اس اہم سفری سہولت سے مستفید ہوسکیں۔

مزید خبریں