جمعرات,  26 فروری 2026ء
حاجی کیمپ روڈ پر سرکاری پانی کی مبینہ غیر قانونی فروخت، سی ڈی اے ملازم پر الزامات

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) حاجی کیمپ روڈ اور ملحقہ علاقوں میں سرکاری پانی کی مبینہ غیر قانونی فروخت کے الزامات سامنے آئے ہیں، جن میں کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے ملازم اورنگزیب کا نام شامل ہے، جو بطور ڈرائیور خدمات انجام دے رہا ہے۔

مقامی ذرائع کے مطابق مدینہ کالونی، فیصل کالونی اور قریبی دیگر پرائیویٹ کالونیوں میں سرکاری پانی ٹینکر کے ذریعے فراہم کیا جا رہا ہے اور مبینہ طور پر اس کے عوض رقم وصول کی جا رہی ہے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ شدید پانی بحران کے دوران سرکاری پانی کی فروخت نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ شہریوں کے بنیادی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔

رہائشیوں نے مؤقف اختیار کیا کہ اگر یہ الزامات درست ہیں تو یہ سرکاری اختیارات کے ناجائز استعمال کے زمرے میں آتا ہے اور اس کی شفاف تحقیقات ہونی چاہیے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سی ڈی اے انتظامیہ فوری نوٹس لے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے تاکہ سرکاری پانی کی منصفانہ فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

دوسری جانب سی ڈی اے کے متعلقہ حکام کا مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم تاحال باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آ سکا۔ شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر معاملے کی غیر جانبدارانہ انکوائری کی جائے تو حقائق سامنے آ سکتے ہیں اور آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو گی۔

شہریوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی ہے کہ حاجی کیمپ روڈ اور گردونواح میں پانی کی منصفانہ تقسیم کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام وضع کیا جائے تاکہ سرکاری وسائل کے غلط استعمال کو روکا جا سکے۔

مزید خبریں