ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی دارالحکومت ریاض میں پاکستان پیپلزپارٹی ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن سیل کے زیرِ اہتمام اجلاس منعقد ہوا، جس میں شرکاء نے پاکستانی سیاست اور معاشرے میں نوجوانوں کے بڑھتے ہوئے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک روشن خیال، نظریاتی اور عوامی جماعت ہے، جو نوجوانوں کی امنگوں کے مطابق انہیں سیاسی اور سماجی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کر رہی ہے۔
اجلاس کا اہتمام پیپلزپارٹی ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن سیل کے انچارج عبدالقادر خان نے کیا۔ اجلاس میں پیپلزپارٹی کلچرل ونگ مڈل ایسٹ کے صدر قاضی اسحاق میمن، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن (پی وائے او) کے صدر اعجاز رحیم، ملک بلاول، ملک فقیر اعوان سمیت دیگر پارٹی عہدیداروں اور جیالوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر شرکاء کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے نظریات اور سیاسی جدوجہد کو آگے بڑھا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی نوجوان ملک کی سیاست سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ پیپلزپارٹی نوجوانوں کی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور انہیں سیاسی عمل کا حصہ بنانے کے لیے کوشاں ہے۔
شرکاء نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک نوجوان اور تجربہ کار سیاسی رہنما ہیں، جو پاکستان کی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی سیاسی شمولیت سے ملک میں جمہوری اقدار، سیاسی شعور اور مثبت تبدیلی کے عمل کو مزید تقویت ملے گی۔
اجلاس میں پیپلزپارٹی ریسرچ اینڈ کوآرڈینیشن سیل کے کردار کو بھی سراہا گیا۔ شرکاء کے مطابق سیل اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک نوجوانوں کو متحد کرنے، انہیں متحرک رکھنے اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کرنے کے لیے اہم ذمہ داریاں نبھا رہا ہے۔











