جمعرات,  29 اکتوبر 2026ء
پنڈی بھٹیاں کے قریب مسافر بس سیم نالے میں جا گری، 5 افراد جاں بحق، 20 سے زائد زخمی

حافظ آباد (شوکت علی وٹو): پنڈی بھٹیاں کے قریب فتیکی کے مقام پر لاہور کے علاقے رائے ونڈ سے چنیوٹ جانے والی مسافر بس ڈرائیور کو نیند آنے کے باعث سیم نالے میں جا گری، جس کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی کمشنر حافظ آباد سید حسین بہادر اور ڈی پی او فواد احمد جائے حادثہ پر پہنچ گئے، جہاں انہوں نے امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر پنڈی بھٹیاں رب دینو نے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کو حادثے اور امدادی سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

بعدازاں ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے تحصیل ہیڈکوارٹرز (ٹی ایچ کیو) ہسپتال پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی۔

راجن پور میں خوفناک حادثہ، مسافر بس الٹنے سے 9 افراد جاں بحق، 36 زخمی

ڈپٹی کمشنر حافظ آباد نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ تمام زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور انہیں کھانا، کپڑے اور دیگر ضروری سامان فوری مہیا کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ زخمیوں کے علاج اور دیکھ بھال میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزید خبریں