اسلام آباد(محب) فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں پاکستان کی شاندار فتح، مقبول کے دو گول، کلیم اللہ، شیراز اور بخشی حمل نے بھی گیند جال میں پہنچائی۔
پاکستان نے آذربائیجان میں جاری فیفا انڈر 15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول 2026 میں عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بہاماس کو 0-5 سے شکست دے دی۔ شاہینز نے ابتدا ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور بہترین فنشنگ کی بدولت حریف ٹیم کے خلاف پانچ گول اسکور کیے۔
پاکستان کو 14ویں منٹ میں کلیم اللہ نے برتری دلائی۔ بہاماس کی جانب سے تھرو اِن پر ہونے والی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے انہوں نے گیند کو گول کیپر کے پاس سے جال میں پہنچا دیا۔ اگلے ہی منٹ دائیں جانب سے آنے والے کراس پر شیراز نے ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال کی راہ دکھائی اور پاکستان کی برتری 0-2 کردی۔
27ویں منٹ میں مقبول نے پاکستان کا تیسرا گول اسکور کیا۔ بائیں جانب سے آنے والا کراس گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آیا، جس پر مقبول نے بروقت گیند کو جال میں پہنچا دیا۔ نو منٹ بعد مقبول نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دور سے زوردار شاٹ لگایا اور پاکستان کی برتری 0-4 کردی۔
محمد رضوان پریزیڈنٹ ٹرافی میں کیوں نہیں کھیل سکے؟ اہم انکشاف سامنے آگیا
پاکستان کا پانچواں گول 39ویں منٹ میں بخشی حمل نے اسکور کیا۔ میدان کے وسط میں گیند حاصل کرنے کے بعد شاہینز نے تیزی سے جوابی حملہ کیا۔ دانش مسیح نے دفاعی کھلاڑی کو اپنی جانب متوجہ کیا اور بروقت پاس بخشی حمل کو دیا، جنہوں نے گیند کو گول میں پہنچا کر پاکستان کی پانچ گول سے فتح یقینی بنادی۔
شاہینز کی اس کامیابی میں جارحانہ کھیل، عمدہ پاسنگ اور مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی صلاحیت نمایاں رہی۔ پانچ گول کی یہ فتح ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مؤثر اٹیکنگ کارکردگی کا مظہر ہے۔











