کیف(روشن پاکستان نیوز) روس کی جانب سے گزشتہ رات یوکرین پر فضائی حملوں میں 2 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ یوکرین کے روسی دارالحکومت ماسکو کے پر جوابی حملے میں ایک شخص ہلاک ہوا۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ان تازہ ترین کارروائیوں میں روسی افواج نے رات گئے صنعتی شہر کروی ریہہ میں یوکرین کے سب سے بڑے اسٹیل پلانٹ کو نشانہ بنایا، یوکرینی حکام کے مطابق اس حملے میں کم از کم 2 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوئے ہیں۔
اسٹیل پلانٹ کا انتظام سنبھالنے والی کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اس حملے کے نتیجے میں بجلی پیدا کرنے اور بلاسٹ فرنس کے شعبوں میں اہم پیداواری تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے اور پلانٹ کے پیداواری عمل کو جزوی طور پر روک دیا گیا ہے‘۔
برطانیہ میں ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف شکایات میں ریکارڈ اضافہ
دوسری جانب روس کی وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے تازہ ترین حملوں کے دوران ملک بھر میں 822 یوکرینی ڈرون مار گرائے ہیں جبکہ روسی خطے بیلگورود کے گورنر نے تصدیق کی ہے ایک بس پر ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا ہے، واضح رہے کہ بیلگورود کا علاقہ مشرقی یوکرین کی سرحد سے متصل ہے۔
اس کے علاوہ یوکرین کی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے رات گئے روس کے خطے روستوف میں میزائل فیول تیار کرنے والی ایک اہم تنصیب کو بھی نشانہ بنایا ہے تاہم روس نے فوری طور پر اس دعوے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔











