واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) برطانوی اخبار دی گارڈین کا کہنا ہےکہ وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ ٹرمپ کے مخالفین پر وار کرتے ہوئے دروغ گوئی سے بھی کام لیتی تھیں۔
دی گارڈین کے مطابق کیرولین لیویٹ وائٹ ہاوس کی سب سے کم عمر پریس سیکرٹری تھیں۔ ان کے بولنے کا انداز بہت نمایاں تھا۔
برطانوی اخبار کے مطابق کیرولین لیویٹ کی تنخواہ 2 لاکھ ڈالر سالانہ تھی جب کہ ان کے 60 سالہ شوہر لاکھوں ڈالر کا پراپرٹی کا کاروبار کرتے ہیں۔ ایک مرتبہ کیرولین لیویٹ سے پوچھا گیا کہ لوگوں کے لیے زندگی گزارنے کی قیمت بڑھ رہی ہے تو انہوں نے کہا تھا کہ لوگوں کو محنت زیادہ کر دینی چاہیے۔
28 برس کی لیویٹ امریکی تاریخ کی کم عمر ترین پریس سیکرٹری ہیں جنہوں نے جنوری 2025 میں ٹرمپ کے دوبارہ اقتدار میں آنےکے بعد سے یہ ذمہ داری سنبھال رکھی تھی۔ ٹرمپ نے اپنی پہلی مدت صدارت کے دوران 4 پریس سیکرٹری تبدیل کیے، لیکن لیویٹ ٹرمپ کی ایک اہم اور قابل اعتماد ساتھی ثابت ہوئیں اور انہیں صدر کی جانب سے اکثر تعریف بھی ملتی رہی۔
ٹرمپ اکثر ان کی جانب سے اپنی پالیسیوں کے بھرپور اور بے جھجک دفاع کی تعریف کرتے رہے، تاہم لیویٹ کو غلط معلومات پھیلانے اور صحافتی آزادی محدود کرنے پر بھی مسلسل تنقید کا سامنا رہا۔
برطانیہ میں ٹیکسی ڈرائیوروں کے خلاف شکایات میں ریکارڈ اضافہ
خیال رہےکہ دو روز قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس پریس سیکرٹری کیرولین لیویٹ کی عہدہ چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیرولین لیویٹ رواں ماہ کے آخر میں عہدہ چھوڑ دیں گی۔
ٹرمپ نے کیرولین کو بہترین پریس سیکرٹریز میں سے ایک قرار دیتے ہوئےکہا کہ انہوں نے 2018 سے لے کر 2024 کی انتخابی مہم سمیت انصاف اور آزادی کے لیے شاندار کام کیا۔
اپنے استعفے کے حوالے سےکیرولین لیویٹ نےکہا ہےکہ وہ اپنے چھوٹے بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہتی ہیں۔











