واشنگٹن(روشن پاکستان نیوز) امریکی پراسیکیوٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کی حمایت یافتہ ایک طاقتور ملیشیا کے کمانڈر نے بروکلن (نیویارک) کی جیل سے برطانیہ میں ایک ائیربیس کو نشانہ بنانے کی ناکام سازش کی ہدایات دینے میں مدد کی تھی۔
امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق وفاقی پراسیکیوٹرز کا کہنا ہےکہ عراق میں ایران کی سب سے طاقتور پراکسیوں میں سے ایک ‘کتائب حزب اللہ’ کی قیادت کرنے والے محمد باقر سعد داؤد السعدی کو ترکیے سے گرفتار کیا گیا تھا، اور ان پر رواں سال مئی میں امریکا کے اندر یہودی مقامات پر حملے کی سازش کے الزامات عائد کیے گئے تھے۔
اس وقت پراسیکیوٹرز نے کہا تھا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ شروع کیے جانے کے بعد السعدی نے جوابی کارروائیوں کی ایک وسیع تر مہم کے تحت امریکی اور اسرائیلی مفادات کے خلاف کم از کم 20 حملوں کی منصوبہ بندی کی تھی۔
السعدی کو بروکلن کے ‘میٹروپولیٹن ڈیٹنشن سینٹر’ میں قید رکھا گیا ہے اور بیرونی دنیا سے ان کے رابطوں پر سخت پابندی عائد ہے، ان کے وکیل نے عدالتی دستاویزات میں بتایا ہے کہ انہیں ہتھکڑیاں اور بیڑیاں پہنا کر جیل کے اس خصوصی ہاؤسنگ یونٹ میں رکھا گیا ہے جو عموماً ہائی پروفائل قیدیوں کے لیے مختص ہوتا ہے۔
تاہم پراسیکیوٹرز کے مطابق موسمِ گرما کے دوران اپنی والدہ اور بہن سے فون پر بات کرتے ہوئے السعدی نے ایک منصوبے کے بارے میں خفیہ پیغامات دیے اور انہیں یہ پیغامات اپنے دیگر ساتھی تک پہنچانے کی ہدایت کی۔
پراسیکیوٹرز نے بتایا کہ اس سازش کا ہدف جنوبی انگلینڈ میں واقع ‘آر اے ایف فیئر فورڈ’ ائیربیس تھی، جسے امریکی فوج استعمال کرتی ہے۔ پراسیکیوٹرز کے مطابق السعدی نے اپنی بہن سے پوچھا تھا کہ ’وہ ہمارے تمام پرانے کاموں کے بارے میں کیا کر رہے ہیں؟‘
السعدی پر عائد یہ الزامات ایک نئی فردِ جرم کا حصہ ہیں جس میں السعدی کے ساتھ ساتھ ایک ایرانی شخص محسن مہاجری اور ایک عراقی شخص محمد علی الحسنی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
مین ہیٹن میں امریکی اٹارنی جیمی میکڈونلڈ نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ السعدی اور دیگر دو افراد نے ’ایران سے وابستہ دہشت گرد تنظیموں کی جانب سے دہشت گردی کی مہم کو منظم کرنے میں مدد کی‘۔
یہ نئے الزامات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب امریکا اور یورپ کے حکام نے فروری میں جنگ چھڑنے کے بعد سے ایران اور اس کی پراکسیوں کی جانب سے حملوں کے بڑھتے ہوئے خطرے کے حوالے سے انتباہ جاری کیا ہے۔
اخبر کے مطابق فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ آیا محسن مہاجری اور محمد علی الحسنی حراست میں ہیں یا نہیں۔ قبل ازیں جون میں پراسیکیوٹرز نے اشارہ دیا تھا کہ وہ السعدی کے خلاف نئی فردِ جرم عائد کریں گے۔











