هفته,  19  ستمبر 2026ء
پشاور: اے این ایف کی بڑی کارروائیاں، گھروں میں نشہ آور گولیاں بنانے والے 2 نیٹ ورک پکڑے گئے

پشاور(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے رہائشی مکانات میں غیر قانونی طور پر نشہ آور گولیاں تیار کرنے والے 2 نیٹ ورک بے نقاب کردیئے، کارروائیوں کے دوران 5 ملزمان گرفتار جبکہ بھاری مقدار میں کیمیکل، تیار شدہ گولیاں، خام مال اور مشینری برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف کے مطابق خفیہ اطلاع پر حسن گڑھی پشاور میں ایک رہائشی مکان پر چھاپہ مارا گیا جہاں غیر قانونی طور پر نشہ آور گولیاں تیار کی جا رہی تھیں۔ کارروائی کے دوران منشیات کی تیاری میں استعمال ہونے والی مشینری، مختلف اقسام کے 25.910 کلوگرام کیمیکل، 4 ہزار 500 تیار شدہ نشہ آور گولیاں اور ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی 3 گاڑیاں قبضے میں لے لی گئیں۔

اے این ایف نے کارروائی کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں ایک فارماسسٹ بھی شامل ہے جو مبینہ طور پر غیر قانونی یونٹ کی نگرانی کر رہا تھا۔ دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا کہ مذکورہ یونٹ میں ماہانہ تقریباً 90 ہزار سے ایک لاکھ نشہ آور گولیاں تیار کی جا رہی تھیں۔

اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 4 ملزمان گرفتار

دوسری کارروائی پشاور کے ناصر باغ روڈ، ملاکنڈھیر میں کی گئی، جہاں پہلے سے گرفتار ملزم کی نشاندہی پر ایک رہائشی مکان میں قائم غیر قانونی مینوفیکچرنگ یونٹ پر چھاپہ مارا گیا۔ کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کرکے مکان سے 4.500 کلوگرام تیار شدہ اور تیاری کے مراحل میں موجود ایکسٹیسی گولیاں، خام مال اور گولیاں تیار کرنے والی مشین برآمد کرلی گئی۔

اے این ایف کے مطابق دونوں مقامات پر قائم یونٹس انتہائی سادہ اور غیر معیاری نوعیت کے تھے اور کسی باقاعدہ دوا ساز ادارے کے مطلوبہ معیار پر پورا نہیں اترتے تھے۔ فورس کا کہنا ہے کہ ایسے یونٹس میں تیار ہونے والی نشہ آور گولیاں انسانی جانوں کے لیے خطرناک ثابت ہوسکتی ہیں۔

اے این ایف نے کہا کہ ان غیر قانونی سرگرمیوں کا بڑا ہدف نوجوان نسل ہے، جسے منشیات کے ناسور سے محفوظ رکھنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ منشیات کے خلاف جنگ صرف ایک ادارے کی نہیں بلکہ پوری قوم کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔

مزید خبریں