بدھ,  11 نومبر 2026ء
اٹلی، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ہزاروں اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں، متعدد اسکول خالی کردیے گئے

میلان(روشن پاکستان نیوز) اٹلی، اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ہزاروں اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیوں کے بعد متعدد اسکول خالی کردیے گئے۔

اٹلی کے تقریباً 6 ہزار 300 سرکاری اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہوئیں تاہم وزیرِ تعلیم جوسیپے ولڈیتارا نے کہا ہے کہ یہ واقعات ممکنہ طور پر ایک ’سائبر حملہ ہیں، اور اس میں کوئی حقیقی خطرہ نہیں‘۔

ولڈیتارا نے اطالوی ٹی وی کو بتایا کہ اٹلی اور یورپ کے دیگر حصوں میں پروازوں، سپر مارکیٹس اور یہاں تک کہ اسپتالوں کو نشانہ بنانے والی دھمکیوں کے اس حالیہ سلسلے کے پیچھے ایک واضح حکمت عملی کارفرما ہے۔

دوسری جانب اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے 700 سے زائد اسکولوں کو بھی بم سے اڑانے کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ان تمام واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

اٹلی میں احتیاطی تدابیر کے طور پر متعدد اسکولوں کو خالی کرایا گیا ہے تاہم اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کا کہنا ہے کہ اب تک کی جانے والی جانچ پڑتال میں کسی حقیق خطرے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا۔

اٹلی: جارجیا میلونی کی حکومت کا جنگِ عظیم دوم کے بعد طویل ترین مدت کا ریکارڈ قائم

انہوں نے فیس بک پر لکھا کہ یہ دھمکیاں بظاہر خوف و ہراس اور تشویش پھیلانے کی کسی دانستہ حکمت عملی سے جڑی معلوم ہوتی ہیں۔

اطالوی حکام کے مطابق بدھ کے روز مجموعی طور پر 7 ہزار 476  سرکاری اسکولوں میں سے  6 ہزار 300 اسکولوں کو بظاہر ایک ہی ای میل بھیجی گئی البتہ نجی اسکول اس سے محفوظ رہے۔

مبینہ طور پر یہ پیغام کسی فرضی ’ولایتِ میسوجنستان کے رہنما میخائل آندروپوف‘ کی جانب سے بھیجا گیا تھا جس نے کئی اسکولوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔

اسکاٹ لینڈ میں پولیس کا کہنا ہے کہ کم از کم 470 اسکولوں کو یہ ای میل موصول ہوئی تاہم ان دھمکیوں کو فوری طور پر جانچنے کے بعد جھوٹا قرار دے دیا گیا اور کسی قسم کے خطرے کے شواہد نہیں ملے۔

اسی طرح شمالی آئرلینڈ میں 300 دھمکیاں موصول ہونے کے بعد محکمہ تعلیم کے حکام نے اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ جب تک پولیس کی جانب سے کوئی اور ہدایت نہ ملے اسکولوں کو کھلا رکھا جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی ای میل کے ذریعے ملنے والی دھمکیوں کے بعد خطے کے کئی اسکول بند کر دیے گئے تھے جبکہ پچھلے دنوں بم رکھے جانے کی خبروں پر یورپ میں درجنوں ہوائی جہازوں کو قریبی ائیرپورٹس پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تھی تاہم بم کی تمام اطلاعات جھوٹی ثابت ہوئی تھیں۔

مزید خبریں