بدھ,  11 نومبر 2026ء
آخر کچھ مچھر آپ کو بہت زیادہ کاٹتے اور دیگر دور کیوں رہتے ہیں؟ سائنسدان وجہ جاننے میں کامیاب

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) کچھ افراد سے مچھروں کو بہت زیادہ ‘محبت’ ہوتی ہے اور کچھ سے وہ دور رہتے ہیں۔

اب سائنسدانوں نے دریافت کیا ہے کہ ایسا کیوں ہوتا ہے۔

درحقیقت اس کا انحصار اس پر ہوتا ہے کہ آپ کے اردگرد مچھروں کی کونسی اقسام موجود ہیں۔

امریکا کی فلوریڈا انٹرنیشنل یونیورسٹی کی اس تحقیق میں دنیا میں موجود مچھروں کی 3 سب سے عام اور خطرناک اقسام کی آزمائش کی گئی تھی۔

حیران کن طور پر کوئی بھی ایک فرد تینوں اقسام سے تعلق رکھنے والے مچھروں کی یکساں توجہ کا مرکز نہیں بنا۔

اس کے برعکس ہر قسم کے مچھروں کا انتخاب مختلف ہوتا ہے اور ایسا عمومی طور پر انفرادی جسمانی کیمسٹری اور جِلد کی قدرتی مہک پر ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں مچھروں کی اقسام جیسے ایڈیس ایجپٹی، ایشین ٹائیگر مچھر اور کیولیکس پر تجربات کیے گئے تھے۔

محققین نے بتایا کہ ہم نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ مچھروں کی ہر قسم کے پسندیدہ شکار مختلف ہوں گے۔

بھارتی شہر پونا پر مچھروں کا حملہ ، شہری خوفزدہ, دیکھیں خبر

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ایڈیس ایجپٹی ایسے افراد کو ترجیح دیتے ہیں جو پرفیومز وغیرہ استعمال نہیں کرتے اور ان کی جِلد پر مخصوص کیمیائی مرکبات کی سطح کم ہوتی ہے۔

یہ مچھر عموماً دن کے وقت خون چوستے ہیں اور خواتین کے مقابلے میں مردوں کو ذرا زیادہ ترجیح دیتے ہیں۔

ایشین ٹائیگر مچھر بھی دن کے وقت خون چوسنا پسند کرتے ہیں۔

یہ ایسے افراد کو ہدف بناتے ہیں جن کی جِلد مخصوص مرکبات کا زیادہ اخراج کرتی ہے۔

کیولیکس مچھر رات کے وقت ہی شکار پر نکلتے ہیں اور جِلد پر موجود مخصوص بیکٹیریا انہیں اپنی جانب کھینچتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ انسانی جسم کی بو بہت زیادہ پیچیدہ ہوتی ہے کیونکہ اس سے ایک ہزار سے زائد مرکبات کا مکسچر خارج ہوسکتا ہے۔

ان میں سے متعدد مرکبات کو سائنسدان تاحال شناخت نہیں کرسکے یا سمجھ نہیں سکے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل آئی سائنس میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں