اتوار,  28 اپریل 2024ء
وزیر اعظم کا انتخاب،شہباز شریف اور عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی جمع

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز)وزیرِ اعظم کے لیے اتحادی جماعتوں کے امیدوار شہباز شریف اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عمر ایوب کے کاغذات نامزدگی سیکریٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دیے گئے۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی اسحاق ڈار، خورشید شاہ اور حنیف عباسی نے جمع کرائے۔

شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کے ساتھ 7 تجویز کنندہ اور 7 افراد تائید کنندہ ہیں۔

اس موقع پر عطاء تارڑ، انوشہ رحمٰن، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، رومینہ خورشید عالم، کھیل داس کوہستانی، احسن اقبال، سردار یوسف اور خواجہ آصف بھی موجود تھے۔

اویس لغاری، عون چوہدری، سمیت متعدد ارکان اسمبلی بھی سیکریٹری آفس پہنچے تھے۔

دوسری جانب سنی اتحاد کونسل نے عمر ایوب خان کے کاغذات نامزدگی بھی  سیکریٹری قومی اسمبلی کے پاس جمع کرا دیے ہیں۔

قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے عمر ایوب خان کے 4 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے لیے بیرسٹر گوہر علی خان، لطیف کھوسہ، اسد قیصر، عامر ڈوگر، علی محمد اور ریاض فتیانہ پہنچے تھے۔

وزارت عظمیٰ کے لیے کل شہباز شریف کا عمر ایوب سے مقابلہ ہو گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیرِ اعظم پاکستان کے انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا تھا۔

مزیدپڑھیں:صدارتی انتخابات پر سائبر حملے، امریکا نے خبردار کردیا

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم کا انتخاب اتوار 3 مارچ کو ہو گا۔

اعلامیہ کے مطابق وزیرِ اعظم کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 2 مارچ دن 2 بجے تک جمع کرائے جاسکتے ہیں جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سہ پہر 3 بجے تک عمل میں لائی جائے گی۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق وزیرِ اعظم کا انتخاب ڈویژن کے ذریعے ہو گا۔

مزید خبریں

FOLLOW US

Copyright © 2024 Roshan Pakistan News