هفته,  24 اکتوبر 2026ء
برمنگھم ایئرپورٹ پر 13.8 ملین پاؤنڈ مالیت کی بھنگ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، پانچ ملزمان کو سزائیں
لندن(روشن پاکستان نیوز) برطانیہ میں برمنگھم ایئرپورٹ کے ذریعے 13.8 ملین پاؤنڈ مالیت کی بھنگ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کے مقدمے میں پانچ ملزمان کو قید کی سزائیں سنا دی گئیں۔ برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے مطابق، منشیات کی یہ کھیپ اگست 2024 میں پکڑی گئی تھی، جب بارڈر فورس کے اہلکاروں نے 22 سوٹ کیسوں سے مجموعی طور پر 460 کلوگرام بھنگ برآمد کی۔

این سی اے کے مطابق، اسمگلنگ گروہ کے ارکان تھائی لینڈ سے پیرس کے چارلس ڈیگال ایئرپورٹ کے راستے برطانیہ پہنچے تھے۔ بنکاک ایئرپورٹ پر سوٹ کیسوں کے اضافی وزن کے باعث انہیں اضافی سامان کی فیس بھی ادا کرنا پڑی، جس سے تفتیش کاروں کو اس گروہ کے سفر اور سامان کے بارے میں مزید سراغ ملے۔ برمنگھم ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام نے مشتبہ مسافروں کی جانچ کی تو ہر ملزم کے دو سوٹ کیسوں سے کپڑوں کے نیچے ویکیوم پیک کی گئی بھنگ برآمد ہوئی۔ آٹھ سوٹ کیسوں میں ایپل ایئر ٹیگ ٹریکرز بھی نصب تھے، جو ایک ہی ایپل آئی ڈی اکاؤنٹ سے منسلک پائے گئے۔

نسل پرستانہ گالیاں اور بدتمیزی: نیویارک سے اٹلانٹا جانے والی پرواز سے مسافر گرفتار

برمنگھم کراؤن کورٹ نے جیدن ریمن کو 32 ماہ، پیج کرسپ کو 30 ماہ، جبکہ گیڈین اولواسیتیمی اولومویگن اور ریان بوآچی کو 24، 24 ماہ قید کی سزا سنائی۔ کلیئر مک کلو کو 24 ماہ قید کے علاوہ مزید دو ماہ کی سزا سنائی گئی۔ این سی اے کے مطابق، اس کارروائی میں مجموعی طور پر 11 افراد گرفتار ہوئے تھے، جبکہ تاشیا نیلسن اور جمال کلارک کو 30 اکتوبر کو سزا سنائی جائے گی۔ گروہ کے دیگر چار ارکان کو بھی اسی مقدمے سے متعلق کارروائی میں 21 ستمبر کو سزائیں سنائی جا چکی ہیں۔

این سی اے کے سینئر تفتیشی افسر پال بونیفیس نے کہا کہ یہ مقدمہ دیگر اسمگلروں کے لیے تنبیہ ہے کہ ایسے جرائم کی قیمت بہت بھاری پڑ سکتی ہے۔ ان کے مطابق، مجرموں کو قید کے ساتھ ایسی سزاؤں کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے جو ان کے مستقبل کے روزگار اور بیرون ملک سفر کے امکانات کو شدید متاثر کریں۔ ادارے نے کہا کہ وہ برطانیہ میں منشیات کی اسمگلنگ روکنے اور جرائم پیشہ گروہوں کے منافع کو ختم کرنے کی کوششیں جاری رکھے گا۔

مزید خبریں