بدھ,  19  اگست 2026ء
چلڈرن پارک حافظ آباد بھی منشیات کے مبینہ استعمال سے محفوظ نہ رہا

حافظ آباد(شوکت علی وٹو)ساگر روڑ پر واقع چلڈرن پارک حافظ آباد میں مبینہ طور پر منشیات فروشی کے ساتھ ساتھ سرعام منشیات کا استعمال بھی جاری ہے، جس کے باعث یہ پارک بچوں کے لیے تفریح گاہ کے بجائے مبینہ طور پر نشئی افراد کی آماجگاہ بنتا جا رہا ہے، ساگر روڑ پر واقع چلڈرن پارک تھانہ سٹی حافظ آباد کے قریب واقع ہے، جبکہ شہر کے دیگر مقامات پر بھی منشیات کے خلاف کارروائیوں کے حوالے سے سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ پارک میں میونسپل کمیٹی حافظ آباد کے تقریباً 8 مرد و خواتین ملازمین بھی تعینات ہیں، تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ پارک کی نگرانی اور سکیورٹی کے انتظامات مؤثر دکھائی نہیں دیتے، شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بچوں کے لیے مختص پارک میں بھی منشیات فروش اور نشئی افراد آزادانہ طور پر موجود رہیں تو یہاں تعینات عملہ اور متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داریاں کس حد تک ادا کر رہے ہیں؟ پارک کی تزئین و آرائش پر ماضی میں کروڑوں روپے کے فنڈز خرچ کیے جانے کے باوجود اگر بچوں کے لیے محفوظ ماحول فراہم نہیں کیا جا رہا تو یہ متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے، شہریوں نے ضلعی انتظامیہ، میونسپل کمیٹی حافظ آباد اور پولیس کے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چلڈرن پارک میں منشیات فروشی اور استعمال کے مبینہ واقعات کا فوری نوٹس لیا جائے، مؤثر نگرانی یقینی بنائی جائے اور بچوں کے لیے پارک کو محفوظ بنایا جائے۔

مزید خبریں