جمعه,  16 اکتوبر 2026ء
بچوں کے استحصال میں ملوث عناصر کے خلاف ملک گیر کارروائیوں کا آغاز

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے بچوں سے متعلق غیر قانونی جنسی مواد کی تیاری، ذخیرہ کرنے اور آن لائن شیئرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ملک بھر میں سخت کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے واضح کیا ہے کہ ملک کے کسی بھی حصے میں ایسے جرائم میں ملوث پائے جانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔

ڈی جی این سی سی آئی اے کے مطابق بچوں کو جنسی استحصال سے محفوظ رکھنا ادارے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ ایسے جرائم کی روک تھام اور ذمہ دار عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

برطانیہ میں بچوں کے کونسے روایتی خاندانی نام ٹاپ 10 میں شامل؟ فہرست سامنے آگئی

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بچوں کے تحفظ سے متعلق جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مؤثر اقدامات کیے جائیں اور ڈیجیٹل شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے۔

واضح رہے کہ این سی سی آئی اے نے حالیہ دنوں میں بھی بچوں سے متعلق غیر قانونی مواد کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔ ادارے کے مطابق شہری ایسے کسی بھی مشتبہ آن لائن مواد یا سرگرمی کی اطلاع این سی سی آئی اے کی ہیلپ لائن 1799 یا قریبی دفتر میں دے سکتے ہیں۔

مزید خبریں