جمعه,  18  ستمبر 2026ء
پاکستانی تاجروں کے قوم پراحسانات

سید شہریار احمد
ایڈوکیٹ ہائی کورٹ

پاکستانی تاجروں کے قوم پراحسانات

اگر میں یہ کہوں تو آپ برا مت مانیے گا کہ ہم ایک بہت ہی ناشکری اور احسان فراموش قوم ہیں۔
ہمارے سیاستدان، اشرافیہ اور تاجر برادری نےاس قوم پر جو احسانات کیے اور ہر شعبے میں جونئی جدتیں پیدا کی ہیں،روزگار کمانے کے طریقے ، وسائل اور مواقع مہیا کیے ہیں ایسا تو پوری دنیا میں کہیں بھی نظر نہیں آتا۔
میں کوئی ناشکرا، کم ظرف اور گھٹیا انسان تھوڑا ہی ہوں کہ آپ کی طرح اپنے ان اعلی اقدار کے حامل طبقوں کو گالیاں دیتا رہوں اور انہیں طعنے دوں کہ سرمایہ دار عوام سے ناجائز منافع خوری کر کے کماتے ہیں اور اپنے مزدوروں کا خون چوس کر کروڑ پتی بنتے ہیں، ان کی ملوں ،فیکٹریوں میں کام کرنے والے دو وقت کی روٹی نہیں کھا پاتے ہیں اور یہ خود بیرون ملک سیر سپاٹے کے لیے اپنے خاندانوں کے ہمراہ پہنچ جاتے ہیں۔
میرے آرٹیکل کا مضمون کیونکہ :پاکستانی تاجروں کے احسانات ہے: اس لیے آج میں بات انہی تک محدود رکھتا ہوں۔

میں کیوں ان کا شکر گزار ہوں؟ کیوں ان کی قابلیت کا قائل ہوں؟ یہ میں آپ کو سمجھاتا ہوں۔
دیکھیے ابھی میں نے ٹشو پیپر اٹھایا، جیسے ہی اسے میں نے باکس سے باہر کھینچا اس کے ساتھ پانچ چھ ٹشو پیپرز چپک کر آ گئے، میں نے دوسری مرتبہ پھر ٹرائی کی تو پھر چار پانچ ٹشوز اکٹھے میرے ہاتھ میں تھے۔
اب آپ یہ دیکھیے کہ مجھے ایک ٹشو پیپر کی ضرورت تھی صرف ایک اور مجھے پانچ مل گئے، اب کچھ عرصہ پہلے تک تو یہی معمول ہوا کرتا تھا کہ ہم ٹشو پیپر باکس کھولتے، اس میں سے ایک ٹشو پیپر کھینچتے تو وہ باکس ہمیں ایک ہی ٹشو مہیا کرتا تھا لیکن اب یہی باکس ہمیں پانچ سے سات اضافی پیپرز بھی دے دیتا ہے جس کا فوری نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ یہ ٹشو پیپر کا باکس ہفتے میں اپنے اختتام کو پہنچ جاتا ہے،
تو اب آپ اس کمپنی کی صلاحیت کو داد دیں کہ اس نے کس طرح اپنی آمدنی بڑھائی ہے اور اپنی پروڈکٹ کو وسیع پیمانے پر بیچنے کا انتظام کیا ہے حالانکہ اس سے کچھ عرصہ پہلے تو یہ بات عام تھی کہ ایک باکس میں سے ایک بار میں ایک ہی پیپر نکلا کرتا تھا لیکن اب آپ کو ان کی قابلیت کا معترف ہونا چاہیے، عوام کو نقصان پہنچانے اور اپنا پیٹ بھرنے کے لیے جو کہ ان کا کبھی بھی نہیں بھرے گا، یہ کیسے نئے نئے طریقے ایجاد کرتے ہیں۔
ایک اور چیز کی طرف آپ کی توجہ دلاتا چلوں ،آپ ٹشو پیپر کا باکس جس مرضی کمپنی کا لے لیں اب یوں ہوتا ہے کہ وہ ہاتھ لگاتے ہی پھٹ جاتا ہے جس سے اس کے اندر پڑا ہوا ٹشو پیپرز کا پیکج ضائع ہو جاتا ہے۔
ایک اور طرف آپ کی توجہ دلاؤں۔
جب لوگ ٹیلکم پاؤڈر بیچا کرتے تھے تب ہم بھی کسی زمانے میں اپنی کمر ،سینہ اور بغلوں پہ پاؤڈر لگایا کرتے تھے۔
آپ تو پرفیومز والے ہیں لیکن ایک طبقہ ایسا ہے جو ابھی بھی اسی طرح کے پاوڈر کو استعمال کرتا ہے۔
ان کے بنانے والوں نے کیا ترکیب سوچی ذرا سنئے۔
پاوڈر کے ڈھکن پر آٹھ سوراخ ہوا کرتے تھے اور ہم اس باٹل کو تین چار جھٹکے مارتے اور پاوڈر حسب ضرورت ہتھیلی پر حاضر ہو جایا کرتا تھا ۔
ایک تجارتی سائنس دان کے دماغ میں اچھوتا خیال آیا،
اس نے آٹھ کی جگہ وہاں پندرہ سوراخ کر دیے ۔اب آپ اس کو ایک جھٹکا مارتے ہیں تو ڈھیر سارا پاؤڈر آپ کی ہتھیلی پر چلا آتا ہے جو آپ کی ضرورت سے زیادہ ہوتا ہے، وہ ضائع ہوتا ہے، بوتل جلدی خالی ہو جایا کرتی ہے اور صارف کو چند دنوں میں اسے دوبارہ خریدنا پڑتا ہے۔
اب آپ مجھے بتائیں آپ نے بھی دنیا گھومی ہے اور میں بھی کچھ جگہ دیکھ آیا ہوں ،کوئی جگہ ایسی ہے جہاں آپ کو چپس کے ساتھ ہوا فری میں ملتی ہے؟
دوسری دنیا میں چپس کے لفافے پہ جتنے گرام ویٹ لکھا ہوگا اتنا ہی ملے گا جبکہ پاکستانی تاجروں کی ایجاد یہ ہے کہ 70 روپے کے چپس کے پیکٹ میں 10 گرام چپس اور 20 گرام ہوا بھر کے دیتے ہیں، لفافہ کھولو تو کافی نیچے تک ہاتھ لیجانا پڑتا ہے چپس اٹھانے کے لیے۔
آپ کا کہیں باہر کوئی عزیز رہتا ہے تو ان سے کہیے گا کہ ٹوتھ پیسٹ یا شیونگ کریم لے کے آئیں آپ کے لیے ۔
باہر سے لائی گئی شیونگ کریم کی ٹیوب دبائیں گے تو کریم ہی نکلے گی جبکہ ہمارے نابغہ روزگار کاروباری طبقات نے ان آئٹمز میں 80 فیصد مٹیریل اور 20 فیصد ہوا بھر کر بیچنا ہوتی ہے۔
یہاں میں آپ کو مرچ مصالحے کی مثالیں نہیں دے رہا جو اشیاء خور نوش میں ملاوٹ کر کے، نئے نئے طریقے ایجاد کر کے ہمارے حاجی تاجر، کاروبار میں دن دگنی رات چگنی ترقی کرتے ہیں۔
میں تو آپ کو روز مرہ کی استعمال کی اشیاء کے حوالے سے تفصیلات بتا رہا ہوں،
ایسی سائنسی اور تجرباتی طبیعت دنیا میں کہیں اور کاروباری افراد میں پائی جاتی ہو یہ ممکن نہیں،
لہذا قدر کریں ان ملوں اور فیکٹریوں والوں کے اذہان کی اور فری میں آپ کو منافع کے نئے نئے نسخے تجویز کرنے کی۔ انسان بنو ،انسان بنو !
کر لو بھلائی کا کوئی کام
انسان بنو،
دنیا سے چلے جاؤ گے
رہ جائے گا بس نام
انسان بنو
خود پاپ کرو
نام ہو شیطان کا بدنام
انسان بنو

مزید خبریں