جمعه,  18  ستمبر 2026ء
عالمی جنگ، مہنگا تیل اور معاشی بحران، دنیا بھر کے عوام متاثر ہیں: عظمیٰ کاردار

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز ) وزیراعلیٰ پنجاب کی فوکل پرسن عظمیٰ کاردار نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت پوری دنیا اس وقت معاشی چیلنجز سے دوچار ہے، عالمی سطح پر جاری جنگ اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات ہر ملک پر مرتب ہو رہے ہیں۔

روشن پاکستان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ کاردار نے کہا کہ پاکستان ایک ترقی پذیر ملک ہے اور ہمارے معاشی مسائل پہلے ہی بہت زیادہ تھے، تاہم اس وقت ترقی یافتہ ممالک، جن میں امریکا اور یورپ بھی شامل ہیں، وہاں بھی لوگ شدید معاشی مشکلات، بے روزگاری اور مہنگائی کا سامنا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تیل پیدا کرنے والا ملک نہیں، ہم اپنی ضروریات کا تقریباً 70 سے 80 فیصد تیل درآمد کرتے ہیں۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت 70 ڈالر سے بڑھ کر 100 یا 110 ڈالر فی بیرل تک پہنچ جائے تو اس کے اثرات پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر لازماً پڑتے ہیں۔

عظمیٰ کاردار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ٹیکس نظام طویل عرصے سے بالواسطہ ٹیکسوں پر انحصار کرتا رہا ہے، جو ایک مؤثر نظام نہیں۔ حکومت کی کوشش ہے کہ براہِ راست ٹیکسوں کا دائرہ وسیع کیا جائے اور ٹیکس نظام کو زیادہ سے زیادہ وسیع بنیادوں پر استوار کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بالواسطہ ٹیکسوں کا اثر معاشرے کے ہر طبقے پر پڑتا ہے، تاہم حکومت کمزور طبقے کو ریلیف دینے کے لیے بھی اقدامات کر رہی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنے کے لیے موٹرسائیکل سواروں اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ریلیف دینے کی کوشش کی جا رہی ہے، اگرچہ موجودہ حالات میں یہ ریلیف کافی نہیں۔

جہاز پر تنقید کرنے والوں کو مریم نواز کا کرارا جواب

عظمیٰ کاردار نے کہا کہ حکومت اپنی استطاعت کے مطابق عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے، تاہم دعا ہے کہ عالمی جنگ اور موجودہ بحران جلد ختم ہو تاکہ دنیا بھر کے عوام کو معاشی مشکلات سے نجات مل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں طلب اور رسد میں پیدا ہونے والے عدم توازن کے اثرات اس وقت پوری دنیا محسوس کر رہی ہے اور عالمی سطح پر اس کے اثرات کا سلسلہ جاری ہے۔

مزید خبریں