ریاض(روشن پاکستان نیوز) سعودی عرب کا یورپ کو خام تیل کی سپلائی کے حوالے سے بڑا فیصلہ، اکتوبر میں یورپی ریفائنریز کو سعودی خام تیل نہیں ملے گا۔
رائٹرز کے مطابق سعودی آئل کمپنی آرامکو نے کم از کم دو یورپی ریفائننگ صارفین کو آگاہ کردیا ہے کہ اکتوبر میں انہیں خام تیل کی ترسیل نہیں کی جائے گی، جس کی وجہ سعودی عرب کی اہم ایسٹ ویسٹ آئل پائپ لائن کی بندش بتائی گئی ہے۔
تقریباً 1200 کلومیٹر طویل ایسٹ ویسٹ پائپ لائن سعودی عرب کے مشرقی آئل فیلڈز سے خام تیل بحیرہ احمر کی بندرگاہ ینبع تک پہنچاتی ہے اور آبنائے ہرمز سے گریز کرتے ہوئے تیل کی ترسیل کا اہم متبادل راستہ سمجھی جاتی ہے۔
حالیہ حملے میں پائپ لائن کے تین پمپنگ اسٹیشنز کو نقصان پہنچنے کے بعد اس کے آپریشنز متاثر ہوئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق پائپ لائن کے ذریعے حالیہ عرصے میں روزانہ تقریباً 40 سے 50 لاکھ بیرل خام تیل منتقل کیا جارہا تھا۔
سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے، چین میدان میں آگیا
دوسری جانب سعودی عرب سپلائی میں خلل کے اثرات کم کرنے کے لیے ایشیائی مارکیٹ میں برآمدات بڑھانے کی کوشش کررہا ہے، جبکہ عالمی منڈی میں بھی مشرق وسطیٰ کی صورتحال اور تیل کی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے باعث قیمتوں میں اتار چڑھاؤ برقرار ہے۔
یورپی ریفائنریز کے لیے اب بڑا سوال یہ ہے کہ سعودی سپلائی میں یہ تعطل کتنے عرصے تک برقرار رہتا ہے اور عالمی آئل مارکیٹ پر اس کے مزید کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔











